سعودی میوزک کمیشن کا ریاض میں ’ہاؤس آف عود انسٹی ٹیوٹ‘ کا اعلان
عود کے حوالے سے لیکچرز22 اگست سے 21 ستمبر تک ہوں گے۔ (فوٹو العربیہ نیٹ)
سعودی میوزک کمیشن نے ریاض میں ہاؤس آف عود انسٹی ٹیوٹ کے قیام کا اعلان کردیا۔
العربیہ نیٹ کے مطابق 22 اگست سے 21 ستمبر کے دوران عود بجانے کا ہنر سکھانے والے لیکچرز ہوں گے۔
انسٹی ٹیوٹ کے قیام کے اعلان نے عود بجانے میں دلچسپی رکھنے والوں کے لیے اپنے شوق کی تکمیل کا دروازہ کھول دیا ہے۔ عود ہاؤس انسٹی ٹیوٹ کئی ملکوں میں پھیلے ہوئے ہیں۔
میوزک کمیشن نے سعودی عرب میں اس کا اہتمام یونیسکو کے آرٹسٹ نصیر شمہ کی قیادت میں عربی عود ہاؤس کے تعاون سے کیا ہے۔
انسٹی ٹیوٹ کے قیام سے میوزک کا فطری ذوق رکھنے والے طلبہ کو عود بجانے کا ہنر سیکھنے کا موقع ملے گا۔
انسٹی ٹیوٹ نے اس منصوبے کو کامیاب بنانے کے لیے موسیقی کے مزید آلات فراہم کیے ہیں۔ زیادہ زور عود پر ہے۔
موسیقی کے طلبہ کو عود، قنون، بوزوکی، ساز، وائلن، نی اور تال جیسے موسیقی کے آلات کے انتخاب میں آزادی حاصل ہوگی۔
علاوہ ازیں اورینٹل وائلن، اوڈلا، اوڈلو اور اوڈباس کے اسباق بھی ہوں گے۔
یاد رہے کہ ریاض میں عود ہاؤس انسٹی ٹیوٹ کا قیام میوزک کمیشن کے اس مشن کا حصہ ہے جس کے تحت وہ میوزک کے علاقائی و بین الاقوامی ماہرین سعودی عرب لانے کے لیے کوشاں ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں