جدہ شہر کو گزشتہ دو روز سے فارمولا ون سعودی گراں پری کے باعث جوش خروش اور سنسنی سے بھرپور جذبے کی لہر نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق جدہ کورنیش سرکٹ میں موٹر ریس کے بعد ہونے والا کنسرٹ عالمی موسیقی کے بڑے ناموں جینیفر لوپیز اور اشر کی وجہ سے دنیا بھر میں سرخیوں میں ہے، ان ستاروں نے سنیچر اور اتوار کی رات سٹیج کو روشن کر دیا۔
موسیقی کی پارٹی موٹر ریس کے فوراً بعد شروع ہوئی لوپیز سٹیج پر آئیں انھوں نے گلے سے پاؤں تک سیاہ رنگ کا چست لباس زیبِ تن کیا ہوا تھا۔ 55 برس کی لوپیز کی سٹیج پر آمد نے ان کے پرستاروں کے لیے ان لمحات کو یادگار بنا دیا۔
’گیٹ رائٹ‘ کی ابتدائی دھنوں سے لے کر ’آن دا فلور‘ پر ہونے والی آتش بازی تک لوپیز نے آواز کا زبردست جادو جگایا جس میں بھرپور جوش و جذبہ بھی تھا اور بہترین کوریوگرافی بھی تھی جس نے اس پرفارمنس کو چار چاند لگا دیے۔
جدہ میں فارمولا ون موٹر ریس ایف ون سعودی عرب کی گراں پری 2025 کے دوران شاندار موسیقی کے کنسرٹس ہوئے۔
برونکس میں پیدا ہونے والی گلوکارہ جن کے 80 ملین سے زیادہ ریکارڈ فروخت ہوئے ہیں، نے اپنے مداحوں کو متعدد ہِٹ گانوں سے محظوظ کرایا۔
ایم ڈی ایل بیسٹ کے سی ای او رمضان الحرتانی نے کہا کہ ’یہ وہی ہے جو تفریح کے ذریعے ثقافتی سیاحت نظر آتی ہے۔ موسیقی صرف ریس کے ویکنڈ کو سپورٹ نہیں کرتی بلکہ اس کو بدل دیتی ہے۔‘

کنسرٹ میں شرکت کرنے والے طلال صالح نے کہا کہ ’یہ میرا پہلا موقع تھا کہ جب میں نے اشر کو لائیو دیکھا اور ہر سیکنڈ دیکھنے کے قابل تھا۔‘
لینا المنصور جنہوں نے دونوں کنسرٹس میں شرکت کی، نے کہا کہ ’پورا تجربہ ایک موسیقی فیسٹیول اور فارمولا ون ریس کا مجموعہ محسوس ہوا، یہ جدہ میں ورلڈ کلاس تفریح تھی۔‘