Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی فلم فنڈ کا نیا نام ’رِیوِی ایرا کانٹینٹ‘، 8.7 ملین ڈالر کی فلمی سرمایہ کاری کا اعلان

سرمایہ کاری بین الاقوامی سٹوڈیوز کے ساتھ شراکت میں کی جائے گی (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی فلم فنڈ کی جانب سے نام تبدیل کرتے ہوئے ’رِیوِی ایرا کانٹینٹ‘ رکھ لیا گیا ہے اور اس کے ساتھ  دو نئی فلموں پر سرمایہ کاری کا اعلان کیا گیا ہے جن پر 32.5 ملین سعودی ریال سے زیادہ رقم خرچ ہو گی۔
عرب نیوز کے مطابق یہ اعلان ریاض کے کنگ فہد کلچرل سینٹر میں ’ثقافتی سرمایہ کاری کانفرنس 2025 ‘ کے دوران کیا گیا جس کا اہتمام سعودی عرب کی وزارتِ ثقافت نے کیا تھا۔
اس فنڈ کا افتتاح ’کلچرل ڈیویلمنٹ فنڈ‘ کے ساتھ کیا گیا تھا جس نے اس منصوبے پر بڑی سرمایہ کاری کرنی تھی۔ ’ایم ای ایف آئی سی کیپیٹل‘ کو فنڈ کا مینجر مقرر کیا گیا تھا۔
اب فنڈ کی طرف سے کہا گیا  کہ یہ سرمایہ کاری بڑے بڑے بین الاقوامی سٹوڈیوز کے ساتھ شراکت میں کی جائے گی جن میں ’یونیورسل سٹوڈیوز‘ اور ’کولمبیا پکچرز‘ جیسے عظیم ادارے شامل  ہیں۔
یہ سرمایہ کاری سعودی عرب کے بڑھتے ہوئے قد و قامت کی مظہر ہیں جو فلم پروڈکشن میں عالمی مرکز اور تخلیقی صنعتوں میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کے لیے ایک پُرکشش منزل بنتا جا رہا ہے۔

’ایم ای ایف آئی سی کیپیٹل‘ کو فنڈ کا مینجر مقرر کیا گیا ہے (فوٹو: ایکس اکاونٹ)

کلچرل ڈیویلمنٹ فنڈ‘، ’ریوِی ایرا کانٹینٹ‘ میں بنیادی سرمایہ کار کی حیثیت برقرار رکھے گا اور فنڈ کے کل سرمایے کا، جس کی مالیت 375 ملین سعودی ریال ہے، 40 فیصد حصہ اپنے پاس رکھے گا۔
ایک پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ’فنڈ، مقامی اور بین الاقوامی سطح پر اعلٰی کوالٹی کے فلمی منصوبوں میں پیسہ لگانے کے لیے وقف ہے جس میں یہ دنیا کے بڑے بڑے سٹوڈیوز کے ساتھ شراکت بھی کرے گا۔
یہ کاروباری منصوبہ ثقافتی شعبے میں، اعلٰی کارکردگی کے مرکز اور مالی سہولت کار کی حیثیت میں ’کلچرل ڈیویلمنٹ فنڈ‘ کے کردار کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے جو ایسے جدید حل فراہم کرے گا جن کی مدد سے پائیدار ترقی میں تعاون کے راستے کھلیں گے اور اس کا معاشی اور سماجی اثر زیادہ وسیع ہوگا۔

 

شیئر: