سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے جمعرات کو العلا میں میونخ لیڈرز میٹنگ کے دوران فلسطین اور اسرائیل کے درمیان امن کے راستوں کے حوالے سے ایک پینل مباحثے میں شرکت کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق مباحثے میں فلسطینی وزیراعظم ڈاکٹر محمد مصطفی نے وڈیو کانفرنس کے ذریعے شرکت کی، فرانس کے وزیرخارجہ جین نویل باروٹ بھی موجود تھے۔
پینل مباحثے میں غزہ کی جنگ کے حوالے سے تازہ صورتحال، جنگ بندی کے لیے کوششیں اور اس سے متعلق بین الاقوامی اقدامات پر بات کی گئی۔
متعدد ملکوں کی جانب سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے اعلانات کا بھی ذکر کیا گیا جو دو ریاستی حل کے نفاذ اور خطے میں استحکام کو مضبوط بنانے کا حصہ ہیں۔
تمام بین الاقوامی قراردادوں پر عملدرآمد کی اہمیت، انسانی مصائب کے خاتمے اور غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی کی کوششوں کی سپورٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مباحثے میں دو ریاستی حل سے متعلق اعلی سطح کی بین الاقوامی کانفرنس کا بھی حوالہ دیا گیا،جس کی سربراہی سعودی عرب اور فرانس نے کی۔