عسیر کا ’ہنی کاٹیج‘: ایک دیہی علاقہ جو ثقافت کو عالمی سیاحت سے جوڑتا ہے
عسیر کے رجال ألمع گورنریٹ میں واقع ’ہنی کاٹیج‘ سیاحوں کو ایک منفرد سیاحتی تجربہ فراہم کر رہا ہے جو عسیر کے مستند ورثے کو مقامی شہد کی صنعت کے ساتھ خوبصورتی سے جوڑتا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ کاٹیج جو کبھی انجینیئر محمد الألمعي کا مکان تھا، چند درجن مربع میٹر پر محیط ہے اور گورنریٹ کی ایک خوبصورت سرسبز و شاداب وادی میں واقع ہے۔
ہنی کاٹیج سیاحوں کو ایک یادگار تجربہ فراہم کرتا ہے جو روایتی شہد کے چھتوں کے دورے سے شروع ہوتا ہے۔ یہ چھتے ایک سادہ پتھر اور لکڑی سے بنی روایتی طرز کی عمارت میں رکھے گئے ہیں۔
لوگوں کو شہد نکالنے کے عمل میں حصہ لینے کا موقع ملتا ہے اور وہ ان روایتی آلات کا مشاہدہ بھی کر سکتے ہیں جو آبا و اجداد شہد کی مکھیاں پالنے کے لیے استعمال کرتے تھے۔
انجینیئر محمد الألمعي نے اپنے پرانے گھر کو ایک دلکش سیاحتی مقام میں تبدیل کر دیا ہے، جو رجال ألمع کی قدرتی خوبصورتی دکھاتا ہے۔
قومی سیاحتی پلیٹ فارمز نے ’ہنی کاٹیج‘ کو عسیر ریجن کے نمایاں ترین سیاحتی مقامات میں شامل کیا ہے، جو رجال ألمع کے ہیرٹِج ویلج کا دورہ کرنے والے سیاحوں کو خوبصورت تجربہ فراہم کرتا ہے۔
