بحیرۂ احمر کے ’دِل‘ شوریٰ جزیرے میں پہلے سعودی گالف کورس کا افتتاح
بحیرۂ احمر کے ’دِل‘ شوریٰ جزیرے میں پہلے سعودی گالف کورس کا افتتاح
بدھ 1 اکتوبر 2025 10:37
ریڈ سِی گلوبل (آر ایس جی) نے باقاعدہ طور پر شورٰی لنکس کا افتتاح کر دیا ہے جو سعودی عرب کا 18 ہولز کا پہلا ایسا گالف کورس ہوگا جو مکمل طور پر بحیرۂ احمر میں ایک جزیرے پر واقع ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے نے منگل کو آر ایس جی کی طرف سے جاری کی جانے والی ایک پریس ریلیز کےحوالے سے بتایا ہے کہ شورٰی جزیرے پر واقع یہ نیا گالف کورس، ایک بے مثال تجربہ فراہم کرے گا جو ماحولیاتی پائیداری اور منفرد آسائش کو یکجا کر دے گا۔
یہ گالف کورس ’گالف سعودی‘ کی زیرِ نگرانی کام کرے گا۔ پار-72 کا 7400گز پر محیط یہ کورس مینگرووز اور سنہری ریت کے ٹیلوں کے بیچوں بیچ بل کھاتا ہوا بحیرۂ احمر کے ساحل سے ہمکنار ہو جاتا ہے۔
اس کا ڈیزائن کھیل کے روایتی انداز کو ظاہر کرتا ہے اور آر ایس جی کے معیار کے عین مطابق ماحول پر بھی کم سے کم اثر ڈالتا ہے۔
اس موقع پر پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے گورنر اور ’گالف سعودی‘ کے چیئرمین یاسر بن عثمان الرمیان نے کہا کہ ’شورٰی لنکس کا افتتاح سیاحت اور سپورٹس میں عالمی قیادت کی جانب مملکت کے سفر کا ایک اہم سنگِ میل ہے۔ یہ سعودی وژن 2030 کی امنگوں کی عکاسی اور پبلک انوسیٹمنٹ فنڈ کے اس عہد کی پھر سے توثیق کرتا ہے کہ ایسے نئے معاشی مواقع تخلیق کیے جائیں گے جو معیشت کو متنوع بنائیں گے اور زندگی کی کوالٹی کو بڑھائیں گے۔‘
انھوں نے کہا ’بحیرۂ احمر کے وسط میں اس نایاب لوکیشن پر دنیا کا یہ بہترین گالف کورس، مملکت کے اس وژن کی زندہ مثال ہے جس کے تحت آنے والی نسلوں کے لیے اس منزل کو لگژری سیاحت اور پائیدار ترقی کی قوتِ محرکہ میں تبدیل کر دے گا۔‘
پار-72 کا 7400گز پر محیط یہ کورس بحیرۂ احمر کے ساحل کے قریب ہے۔ (فوٹو: ریڈ سی گلوبل)
آر ایس جی کے سی ای او جان پیگانو نے اس موقع پر کہا کہ ’شورٰی لنکس، جدت اور پائیداری کے ذریعے عالمی سیاحت کی نئی تعریف رقم کرنے کے سلسلے میں ایک نیا باب ہے۔ یہ کھیلوں کے اس تجربے کو متنوع بنائے گا جو ہم وژن 2030 کے تحت عوام کے سامنے لا رہے ہیں۔‘
گالف سعودی کے سی ای او نوح علی رضا نے زور دیا کہ ’شورٰی لنکس، سعودی عرب میں گالف کی سیاحت کا پہلا پڑاؤ ثابت ہوگا۔’یہ مملکت کے ایک رہنما منزل بننے کی راہ ہموار کرے گا جہاں قدرتی حسن، اختراع اور پائیداری سے مل جاتا ہے اور دنیا بھر کے گالف کھیلنے والوں، سرمایہ کاروں اور مسافروں میں ولولہ پیدا کرے گا۔‘
شورٰی لنکس کے درمیان اس کا ساحلی کلب بھی ہوگا جو کورس کے لیے سماجی مرکز کا کام دے گا۔ مقامی دلکشی اور جنگلی حیات کے ہم رکِاب اس کورس کے تمام ہولز ایک دلفریب منظر پیش کریں گے۔
یہ گالف کورس ’گالف سعودی‘ کی زیرِ نگرانی کام کرے گا۔ (فوٹو: ریڈ سی گلوبل)
پریس ریلز کے مطابق شورٰی لنکس میں وسیع پیمانے پر بہترین سہولتیں موجود ہیں جن میں خاندان دوست ایک چھوٹا گالف کورس بھی ہے اور مشق کے لیے ایک بڑا میدان بھی جہاں تربیتی ایریا ہے۔
شورٰی لنکس، شورٰی جزیرے پر واقع ہے جسے بحیرۂ احمر کے سیاحتی مقام کا دھڑکتا ہوا دل سمجھا جاتا ہے۔ آئندہ ہفتوں میں ’ایس ایل ایس‘، ’ایڈیشن‘ اور بین البراعظمی تفریحی مقام کے افتتاح کے بعد یہاں مہمان آنا شروع ہوں گے۔ آئندہ چندہ ماہ میں اس جزیرے پر 11 بہترین صحت افزا اور تفریحی مقامات کا افتتاح ہوگا جہاں مہمانوں کو دم بخود کر دینے والے قدرتی مناظر، پُرتعیّش سہولتیں اور اعلٰی درجے کے کھانے پینے اور شاپنگ کا تجربہ مہیا کیا جائے گا۔