Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی سے معاملات طے، معاہدے پر جلد دستخط ہوں گے: حکومتی رکن

پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں احتجاجی مظاہروں کے پانچویں روز حکومت کی مذاکراتی ٹیم اور جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ارکان کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور میں حکومتی وفد کے ایک رکن کے مطابق معاملات طے پاگئے ہیں۔
جمعے کی رات پاکستان کے وزیراعظم کی مذاکراتی کمیٹی کے رکن ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’ایکشن کمیٹی آزاد جموں و کشمیر سے معاملات طے پا گئے ہیں۔ جلد حتمی معاہدے پر دستخط متوقع ہیں۔‘
کمیٹی کے ایک اور رکن احسن اقبال نے نجی چینل جیو نیوز کو بتایا کہ آئینی ماہرین کی کمیٹی تمام پہلوؤں کا جائزہ لے گی۔  کمیٹی کے جائزے کے بعد جو فیصلہ ہوگا وہ سب کے لیے قابلِ قبول ہوگا۔ 
جمعرات کو وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی ہدایت پر اسلام آباد سے مظفرآباد پہنچنے والی مذاکراتی ٹیم نے عوامی ایکشن کمیٹی کے ارکان کے ساتھ مذاکرات شروع کیے تھے۔ 
گزشتہ رات مذاکرات کے پہلے دور کے بعد عوامی ایکشن کمیٹی نے اپنے دیگر ارکان سے مشاورت کے لیے مذاکرات کو روک دیا تھا۔
جمعے کی شام کوہالہ میں موجود جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے سرکردہ رہنما شوکت نواز میر نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’اب ہم کمیٹی کے ارکان الگ بیٹھ کر آپس میں مشاورت کریں گے۔ آپ کو انتظار کرنا ہو گا، آپ یہیں بیٹھے رہیں گے اور ہمارے درمیان جو بھی اتفاق رائے ہو گا اس کے مطابق اگلے لائحۂ عمل سے آپ کو آگاہ کریں گے۔‘
شوکت نواز میر دیگر دو ارکان کی موجودگی میں حکومت کی ٹیم سے مذاکرات کا دوسرا دور مکمل کر کے مظفرآباد سے کوہالہ پہنچے تھے۔

مذاکراتی کمیٹی کے رکن طارق فضل چوہدری نے پیش رفت کی تصدیق کی۔ فوٹو: حمزہ نصیر

دونوں اطراف کی مذاکراتی ٹیمیں

مظفرآباد پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کی بھیجی گئی مذاکراتی ٹیم میں وزیر امور کشمیر امیر مقام، رانا ثناء اللہ، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، احسن اقبال، راجہ پرویز اشرف، قمر الزمان کائرہ، سردار محمد یوسف، پاکستان کے زیرانتطام کشمیر کے سابق صدر مسعود خان شامل ہیں۔ جبکہ مظفرآباد حکومت کے دو وزرا فیصل ممتاز راٹھور اور دیوان علی چغتائی بھی اس ٹیم کا حصہ ہیں۔
عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے اس کی کور کمیٹی کے تین ارکان راجہ امجد علی خان ایڈووکیٹ، شوکت نواز میر اور انجم زمان اعوان مذاکرات کر رہے ہیں۔

شیئر: