Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلامک سولِیڈیریٹی گیمز، ’ایک امت‘ کے عنوان سے ہوگا

’افتتاحی تقریب 7 نومبر کو ہوگی، 57 ممالک کے 3000 سے زائد کھلاڑی شریک ہوں گے‘ ( فوٹو: سبق)
اسلامک سولِیڈیریٹی گیمز، ریاض 2025 کی آرگنائزنگ کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ چھٹے ایڈیشن کا عنوان’ایک امت‘ ہوگا جو اسلامی دنیا کے عوام کے اتحاد اور کھیلوں کے ذریعے یکجہتی و ہم آہنگی کی اقدار کو اجاگر کرتا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ عنوان ایونٹ کے آغاز سے 30 روز قبل متعارف کرایا گیا ہے۔
کھیلوں کے مقابلے 3 نومبر سے شروع ہوں گے جبکہ افتتاحی تقریب 7 نومبر کو ہوگی اور 21 نومبر کو اختتامی تقریب کے ساتھ مقابلے مکمل ہوں گے۔
اس میں 57 ممالک کے 3000 سے زائد کھلاڑی شریک ہوں گے۔
مقابلے 23 کھیلوں پر مشتمل ہوں گے، جن میں دو کھیل معذور افراد کے لیے مخصوص ہیں۔
یہ ایونٹ پانچ بڑے مقامات پر منعقد ہوگا جن میں شہزادہ فیصل بن فہد اسپورٹس سٹی، شہزادہ فیصل بن فہد اولمپک کمپلیکس، بولیوارڈ ریاض سٹی، الجنادریہ، اور المسار الریاضی شامل ہیں۔
اس بار پہلی مرتبہ اونٹ دوڑ اور ای اسپورٹس کو بھی کھیلوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے، دیگر کھیلوں کے ساتھ جیسے ایتھلیٹکس، تیراکی، تائیکوانڈو، جودو، کراٹے، 3×3 باسکٹ بال، باکسنگ، گھڑ سواری، جو جِتسو، ویٹ لفٹنگ، ہینڈ بال، ٹیبل ٹینس وغیرہ۔
یہ ایونٹ اس حوالے سے بھی منفرد ہے کہ اس میں پہلی بار ’ویلیج آف ایتھلیٹس‘ Athletes’ Village قائم کی گئی ہے، جو شہزادی نورة بنت عبدالرحمن میں واقع ہے۔
یہ مملکت میں اپنی نوعیت کی پہلی سہولت ہے، جس میں 1200 کے قریب مکمل طور پر لیس کمرے موجود ہیں، ساتھ ہی طبی، انتظامی اور سروسز کی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ ’ویلیج پلازا‘ بھی ہے، جو ثقافتی، تفریحی اور اسپورٹس کے لیے ایک جامع ماحول فراہم کرتی ہے۔
کیمپ میں رہائش کے قریب ہی ایک مکمل ٹریننگ سینٹر بھی قائم کیا گیا ہے جو مملکت کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ کھلاڑیوں اور مہمانوں کو ایک غیر معمولی ماحول فراہم کرے تاکہ تنظیم اور میزبانی کے لحاظ سے ایک عالمی معیار کا اسپورٹس ماڈل پیش کیا جاسکے۔

شیئر: