Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں لائف سٹائل ویک، فیشن اور ملبوسات یکجا

’نمائش میں 140 سے زائد مقامی اور عالمی نمایاں برانڈز شرکت کریں گے‘ ( فوٹو: سبق)
دارالحکومت ریاض پہلی مرتبہ ’سعودی لائف سٹائل ویک‘ نمائش کی میزبانی کے لیے تیار ہے جو 6 سے 8 اکتوبر تک ریاض انٹرنیشنل کنونشن اینڈ ایکزیبیوشن سینٹر میں منعقد ہوگی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق اس موقع پر فیشن اور لائف سٹائل کے شعبے سے تعلق رکھنے والے ماہرین اور اسپیشلسٹ شریک ہوں گے۔
یہ نمائش اپنی نوعیت کا پہلا بین الاقوامی ایونٹ ہے، جو مختلف شعبوں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر یکجا کرے گا، جن میں فیشن (کپڑے، جوتے، زیورات، انڈر ویئر اور سوئمنگ ڈریسز)، اسپورٹس وئیر (لباس، لوازمات اور کھیلوں کا سامان) اور ڈیزائن (فرنیچر اور انٹیریئر ڈیزائن) شامل ہیں۔
 یہ ایک متحرک اور مستقبل کی سمت رواں پلیٹ فارم ہوگا۔
نمائش میں 140 سے زائد مقامی اور عالمی نمایاں برانڈز شرکت کریں گے، جس سے یہ مشرقِ وسطیٰ کے اہم اور مؤثر صنعتی اجتماعات میں سے ایک بن جائے گا۔
 سعودی ڈیزائنرز کے جدید کلیکشنز کے ساتھ ساتھ اٹلی، سپین، پرتگال، جرمنی اور ترکی جیسے ممالک کے عالمی برانڈز بھی پیش کیے جائیں گے۔
 نمائش میں ملبوسات، جوتے، اسپورٹس وئیر اور ڈیزائن انوویشنز شامل ہوں گی۔
یہ ایونٹ بین الاقوامی برانڈز کے مابین نئے روابط قائم کرنے اور ایک مؤثر، کثیر جہتی ڈسٹری بیوشن سسٹم کے ذریعے فیشن سیکٹر کو فروغ دینے میں مددگار ہوگا، خصوصاً ایسے وقت میں جب سعودی عرب میں کپڑوں اور جوتوں کی صنعت وژن 2030 اور سرکاری اقدامات کی بدولت نمایاں ترقی کر رہی ہے۔
مزید برآں، یہ نمائش مقامی ڈیزائنرز کو عالمی رحجانات سے متعارف کرانے اور ان کے تجربات و مہارتوں کے تبادلے کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرے گی، جس سے ان کے لیے نئی مارکیٹنگ کے مواقع پیدا ہوں گے۔
تقریب کے دوران ورکشاپس اور مکالماتی نشستیں بھی منعقد ہوں گی، جن میں مقامی و عالمی ماہرین اور ڈیزائنرز شرکت کریں گے۔

شیئر: