Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا ٹیلیفونک رابطہ

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی وزیر خارجہ کے تعمیری کردار اور مستقل سفارتی کاوشوں کو سراہا (فوٹو: عرب نیوز)
پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود سے ٹیلیفونک گفتگو کی جس میں خطے کی مجموعی صورتحال، خصوصاً غزہ کے حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سنیچر کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے جاری سفارتی کوششوں کا جائزہ لیا جن میں نیویارک میں آٹھ عرب و اسلامی ممالک اور امریکہ کے درمیان ہونے والی مشاورت بھی شامل تھی۔
ان کوششوں کا مقصد فوری اور پائیدار جنگ بندی، انسانی بنیادوں پر امداد کی بلا تعطل فراہمی اور غزہ میں دیرپا امن کے قیام کو یقینی بنانا ہے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی وزیر خارجہ کے تعمیری کردار اور مستقل سفارتی کاوشوں کو سراہا۔ گفتگو کے دوران حالیہ پیش رفت پر بھی بات چیت ہوئی جن میں حماس کا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تجویز پر ردعمل بھی شامل تھا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کے لیے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا اور اتفاق کیا کہ عرب و اسلامی ممالک کے ساتھ ساتھ عالمی برادری سے قریبی رابطہ رکھتے ہوئے دو ریاستی حل کی بنیاد پر جامع اور دیرپا امن کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

شیئر: