پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے انڈین سیاسی و عسکری قیادت کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر دوبارہ جارحیت کی کوشش کی تو ’اس دفعہ انڈیا اپنے طیاروں کے ملبے میں دفن ہو گا۔‘
مزید پڑھیں
-
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنگ بندی کروانے پر میری تعریف کی: ٹرمپNode ID: 895250
اتوار کو ایکس پر اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ انڈیا کی فوجی اور سیاسی قیادت کے بیانات اپنی خاک میں ملی ساکھ کو بحال کرنے کی ناکام کوشش ہے۔
’اتنی فیصلہ کن شکست کے بعد جس کا سکور 0-6 رہا ہو اگر دوبارہ کوشش کی تو سکور انشاءاللہ پہلے سے کہیں بہتر ہو گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جس طرح انڈیا میں عوامی رائے تاریخ کی بدترین شکست کے بعد حکومت کے خلاف اور مودی اور اس کا ٹولہ جس طرح اپنی ساکھ کھو بیٹھا اس کا پریشر لیڈرشپ کے بیانات سے ظاہر ہو رہا ہے۔‘
وزیر دفاع خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ ’اس دفعہ انڈیا انشاءاللہ اپنے طیاروں کے ملبے میں دفن ہو گا۔‘
بھارتی فوجی اور سیاسی قیادت کے بیانات اپنی خاک میں ملی ساکھ کو بحال کرنے کی ناکام کوشش ھے۔ اتنی فیصلہ کن شکست کے بعد جس کا سکور 0-6 رہا ھو اگر دوبارہ کوشش کی تو سکور انشاءاللہ پہلے سے کہیں بہتر ھوگا۔ جسطرح بھارت میں عوامی رائے تاریخ کی بد ترین شکست کے بعد حکومت کے خلاف ھوئ اور…
— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) October 4, 2025
واضح رہے کہ انڈین آرمی چیف جنرل اوپندر دویدی نے جمعے کے روز پاکستان کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر پڑوسی ملک دنیا کے نقشے پر اپنی موجودگی برقرار رکھنا چاہتا ہے تو اُسے ’دہشت گردی کی حمایت بند کرنا ہو گی۔‘
گذشتہ روز سنیچر کو افواج پاکستان کے ترجمان نے اپنے ردعمل میں کہا تھا کہ’انڈین وزیرِ دفاع، آرمی چیف اور فضائیہ کے سربراہوں نے پاکستان کے خلاف انتہائی اشتعال انگیز بیانات دیے ہیں۔‘
سنیچر کو افواج پاکستان کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ’یہ غیر ذمہ درانہ بیانات جارحیت کے لیے من گھڑت بہانے تلاش کرنے کی نئی کوشش ہے، ایسے بیانات سے جنوبی ایشیا میں امن کو سنگین خدشات لاحق ہوسکتے ہیں۔‘
’ہم انہیں خبردار کرتے ہیں کہ مستقبل میں کوئی تنازع ہولناک تباہی کا سبب بن سکتا ہے، اگر جنگ کا ایک نیا دور شروع ہوا تو پاکستان پیچھے نہیں رہے گا، ہم بغیر کسی ہچکچاہٹ یا روک ٹوک کے بھرپور جواب دیں گے۔‘
افواج پاکستان کے ترجمان نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ’رواں برس مئی میں پاکستان کے خلاف انڈیا کی جارحیت نے دو ایٹمی طاقتوں کو ایک بڑی جنگ کے دہانے پر پہنچا دیا تھا۔‘
’ایسا لگتا ہے کہ انڈیا اپنے لڑاکا طیاروں کے ملبے اور پاکستان کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے طیاروں کے غصے کو بُھول گیا ہے، اجتماعی بھولنے کی بیماری میں مبتلا انڈیا اب اگلے دور کے تصادم کے لیے پریشان دکھائی دے رہا ہے۔‘