Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی شوری کونسل کے سپیکر سرکاری دورے پر پیر کو پاکستان پہنچیں گے

پاکستانی سپیکر اور متعدد اعلی حکام سے ملاقاتیں کریں گے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی شوری کونسل کے سپیکر شیخ عبداللہ بن محمد بن ابراہیم آل شیخ پیر کو پاکستان کے سرکاری دورے میں کونسل کے وفد کی سبراہی کریں گے۔
ایس پی اے کے مطابق شوری کونسل کے سپیکر نے ایک بیان میں دونوں ملکوں کے درمیان گہرے سٹرٹیجک تعلقات کو اجاگر کیا جس کی سپورٹ شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ  پاکستان کی قیادت نے بھی کی۔
ان کے مطابق دو طرفہ تعلقات سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تعاون کی تاریخی میراث کی توسیع ہیں اور یہ مسلسل ترقی کر رہے ہیں۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ’ اس دورے سے کونسل، پاکستان کی قومی اسمبلی اور سینیٹ کے درمیان تعاون کے نئے مواقع  سامنے آئیں گے۔‘
 یہ مواقع علاقائی اور بین الاقوامی فورمز میں پارلیمانی کوآرڈینیشن کے ذریعے ملیں گے۔
دورے کے دوران سعودی شوری کونسل کے سپیکر پاکستان کی قومی اسمبلی کے سپیکر اور متعدد اعلی پاکستانی حکام سے ملاقاتیں کریں گے، تعلقات کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اس دورے کا اہتمام سپیکر ایاز صادق کی جانب سے دی گئی دعوت کے جواب میں کیا گیا جب دونوں ملکوں نے ستمبر میں ایک تاریخی  باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔
معاہدے میں کہا گیا تھا کہ کسی ایک ملک کےخلاف کسی بھی جارحیت کو دونوں پر حملہ سمجھا جائے گا۔
سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے عرب نیوز کو بتایا کہ یہ دونوں ملکوں کے درمیان پائیدار برادرانہ تعلقات کا ’فطری تسلسل‘ ہے۔
شوری کونسل کے وفد میں انجینیئرخالد بن عبداللہ البریک، ڈاکٹر ابتسام بنت عبداللہ الجبیر، احمد بن عبدالرحمن الوردی اور کونسل کے کئی عہدیدار شامل ہیں۔
دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات ستمبر1947 میں اس وقت قائم ہوئے جب سعودی عرب آزادی کے بعد  پاکستان کو تسلیم کرنے والے اولین ملکوں میں شامل ہوا۔
اس کے بعد جلد ہی 1951 میں دونوں ملکوں کے درمیان ددوستی کے معاہدے پر دستخط ہوئے۔

 

شیئر: