دونوں سٹارز کی شادی عالمی توجہ کا مرکز تھی لیکن اس کے باجود تقریب تباہ ہوتے ہوتے رہ گئی تھی۔
شادی کی تقریب کو فلم بند کرنے والے وشال پنجابی تھے جو’ویڈنگ فلمر‘ کے نام سے شہرت رکھتے ہیں۔ وشال پنجابی نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ شادی سے صرف ایک روز قبل شدید بارش نے تقریب کے انتظامات کو خطرے میں ڈال دیا تھا۔
ان کے مطابق منتظمین نے پوری رات جاگ کر تقریب کے وینیو کو ازسرنو ترتیب دیا تھا تاکہ تقریب وقت پر اور کامیابی سے مکمل ہو سکے۔
وشال پنجابی کہتے ہیں کہ ’وراٹ کوہلی اور انوشکا کی شادی بارش کی نذر ہو گئی تھی۔ آخری لمحے میں مقام تبدیل کرنا پڑا۔ تقریب کی ایونٹ پلانر دویکا نارائن پوری رات نہیں سوئی، وہ منڈپ (شادی کے پھیرے لینے کا مقام) کو دوسری جگہ منتقل کرنے میں مصروف رہیں۔‘
اگرچہ پس پردہ بہت کچھ بدل رہا تھا لیکن وراٹ کوہلی اور انوشکا شرما پرسکون رہے اور اپنے ایونٹ مینیجرز پر مکمل اعتماد ظاہر کیا۔
وشال پنجابی نے مزید بتایا کہ ’یہ سب بہت راز میں رکھا گیا تھا۔ اگرچہ اندازہ ہو جاتا ہے کہ شاید یہ وہی جوڑا ہے، لیکن جب ہم مقام پر پہنچے تو بہت خوشگوار حیرت ہوئی۔ نہ تو وہ مجھے جانتے تھے اور نہ میرے کام کو، لیکن وہ نہایت شریف اور خوش اخلاق لوگ تھے۔‘
وشال پنجابی نے مزید بتایا کہ انوشکا اور وراٹ نے ان کا شاندار استقبال کیا اور انہیں مکمل آزادی دی کہ وہ جس انداز سے چاہیں ویڈیو بنائیں۔
’جب میں ان سے ملا تو انہوں نے مسکرا کر کہا، جو آپ کرتے ہیں کریں، ہمیں نہیں معلوم آپ کیا کرتے ہیں، لیکن اگر آپ یہاں ہیں تو یقیناً آپ نے کچھ صحیح کیا ہوگا۔ انہوں نے اپنے منتظمین پر بھروسہ کیا، جنہوں نے ہم پر بھروسہ کیا۔ یہ ایک بہت چھوٹی مگر محبت بھری شادی تھی۔ مجھے ان کا رویہ بہت پسند آیا، وہ نہایت مہربان تھے۔‘
یاد رہے کہ وراٹ کوہلی اور انوشکا شرما کی محبت کا آغاز سنہ 2013 میں ایک شیمپو کے اشتہار کی شوٹنگ کے دوران ہوا اور سنہ 2014 میں انہوں نے اپنا ریلیشن پبلک کیا۔ دونوں نے 2017 میں شادی کی اور اب ان کے دو بچے ہیں۔