Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تانبے پر پینسل سے کندہ کاری، سپیشل آرٹسٹ اسامہ الحربی منفرد سنہری فن کے ماہر

نمائش میں اسامہ الحربی کا بُوتھ پسندیدہ جگہ بن گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
ریاض میں جاری ’سعودی انٹرنیشنل فالکن اینڈ ہنٹنگ ایگزیبشن‘ میں ثابت قدمی اور عزم کی ایک غیر معمولی کہانی سامنے آ رہی ہے جہاں ایک سپیشل فنکار اسامہ الحربی نے تانبے پر کندہ کاری کر کے، نمائش میں شریک افراد کے دل جیت لیے ہیں۔ 
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اسامہ الحربی، نمائش کے آرٹس سیکشن میں خاص طور پر مقرر کردہ جگہ پر بیٹھ کر کام کرتے ہیں۔ وہ دیکھنے والوں کو اپنے لاجواب ہنر سے حیران کر رہے ہیں۔
اسامہ الحربی ہر دو دنوں میں فنکارانہ حسن کا ایک نادر نمونہ تیار کر لیتے ہیں جس میں باریک بینی سے اور تہہ در تہہ کام کرنا پڑتا ہے۔
ان کی تکنیک میں تانبے کی پرتوں پر کندہ کاری سے پہلے پینسل کے ساتھ خاکہ بنانا ضروری ہوتا ہے۔
پھر وہ پینسلوں کے ساتھ اس میں رنگ بھرتے ہیں۔ وہ اس کام کے لیے لکڑی کی پینسلوں کا انتخاب تانبے کی نازک پرتوں کو نقصان سے بچانے کے لیے کرتے ہیں۔

اسامہ الحربی تانبے کی پرتوں پر کندہ کاری سے پہلے پینسل کے ساتھ خاکہ بناتے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)

 ہر فنکارانہ کاوش کے بعد کندہ کردہ تانبے کی پرت پر ایک دبیز کپڑا رکھ دیا جاتا ہے جس سے حیران کن تھری ڈی ایفیکٹ پیدا ہو جاتا ہے۔
اس سال نمائش میں اسامہ الحربی نے شاہ سلمان کو ہدیۂ ستائش پیش کیا ہے جبکہ آنے والے وقت میں وہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے اظہارِ عقیدت کا ارادہ رکھتے ہیں۔ وہ مملکت کے ان بادشاہوں کی یاد میں بھی کام کریں گے جو اب اس دنیا میں نہیں ہیں۔
نمائش میں اسامہ الحربی کا بُوتھ پسندیدہ جگہ بن گیا ہے جہاں لوگ جوق در جوق آتے ہیں اوران کی تکنیک، ان کے ہنر اور ان سے ملنے والے والے تخلیقی جذبے کے پیغام سے بھی متاثر ہوتے ہیں۔

اسامہ الحربی ہر دو دنوں میں فنکارانہ حسن کا ایک نادر نمونہ تیار کر لیتے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)

الحربی کہتے ہیں کہ’ جسمانی عذر خواہش کی رکاوٹ نہیں بن سکتی اور یہ کہ حقیقی ارادہ آپ کے راستے میں آنے والی مشکلات کو حسنِ کارکردگی کے مواقع میں بدل دیا کرتا ہے۔‘
نمائش میں آنے والے ان کے کیے ہوئے کام کو خریدنا چاہیں تو خرید سکتے ہیں۔
سعودی انٹرنیشنل فالکن اینڈ ہنٹنگ ایگزیبشن ریاض ایگزیبشن اینڈ کنویشن سینٹر میں 11 اکتوبر تک جاری رہے گی جہاں نمائش کے علاوہ 23 ثقافتی، تفریحی اور تعلیمی پروگرام بھی قابلِ توجہ ہوں گے۔

 

شیئر: