Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’فطری حسن سے مالا مال‘ سعودی عرب کا جازان ریجن سیاحوں کےلیے پرکشش

چند برسوں میں سیاحتی شعبے نے غیرمعمولی ترقی کی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
فطری حسن سے مالا مال سعودی عرب کا  جازان ریجن جہاں سرسبز وادیاں، بلند وبالا پہاڑ اور بحیرہ احمر کے دورتک پھیلے ساحلی مقامات سیر وتفریح کے شوقین افراد اور سیاحوں کے لیے پرکشش ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کی رپورٹ میں اس علاقے کے فطری حسن کو اجاگر کیا گیا ہے جسے مملکت کے وژن 2030 کے اہداف کو مدنظر رکھتے سیاحتی سیکٹر میں اہمیت دی جاتی ہے۔
جازان ریجن میں گزشتہ چند برسوں میں سیاحتی شعبے نے غیرمعمولی ترقی کی ہے۔
علاقے کی ترقی کے لیے حکومتی سیکٹر نے بھی بھرپور توجہ دیتے ہوئے یہاں متعدد منصوبوں پر کام کیا۔
جازان ریجن میں تعمیراتی شعبے کی جانب سے سیاحتی علاقوں تک رسائی کو آسان بنانے کے لیے شاہراہوں کا نیٹ ورک قائم کیا گیا۔
علاوہ ازیں ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے خدمات کے معیار کو بھی بہتر بنایا گیا ہے۔
علاقے میں نجی شعبے کی جانب سے بھی سرمایہ کاری میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ اس مد میں رہائشی ہوٹلز، فارم ہاوسز اور دیگر تفریحی و سیاحتی سرگرمیاں شامل ہیں جن سے نہ صرف معاشی حالت کو بھی بہتر کیا بلکہ مقامی افراد کو روزگار کے بھی بہت مواقع میسر آئے۔

Caption

جازان ریجن کے پہاڑی مقامات کی بات کریں تو وہاں بھی مثالی ترقیاتی کام انجام دیے گئے، جن کی وجہ سے علاقے کی خوبصورتی میں اضافہ ہوا۔
پہاڑوں پر حد نگاہ پھیلے زرعی فارمز جو دھند میں چھپے قدیم گاوں تک جاتے ہیں انتہائی خوبصورت مناظر پیش کرتے ہیں۔
کافی کے الخولانی فارمزجو سعودی زراعت کے حوالے سے قابل فخر علامت مانے جاتے ہیں بھی یہاں ہیں۔
ریجن کی وادیوں میں قدرتی گرم پانی کے چشمے بھی وزیٹرز کے لیے ایک نعمت ہیں جن سے وہ لطف اندوز ہوتے ہیں۔
ریجن کے مغربی ساحلی مقامات میں فرسان جزائر ہیں جو بحیرہ احمر کی خوبصورتی میں اضافہ کرتے ’ہار‘ کی مانند ہیں۔ ساحلی ریت اور شفاف پانی اور مرجانی گھاٹیاں اور بہت کچھ اس علاقے کی خوبصورتی و قدرتی حسن کو دوبالا کردیتے ہیں۔
جازان کی قدیم تاریخ کو اجاگر کرتے ہوئے روایتی بازار اور پرانے مقامات سیاحوں اور تاریخ سے دلچسپی رکھنے والوں کےلیے انتہائی اہم ہیں جہاں مقامی دستکاری کی دکانیں بھی قائم کی گئی ہیں جوعلاقے کے ثقافت کو فروغ دینے کے لیے غیرمعمولی اہمیت کی حامل ہیں۔

 

شیئر: