سعودی کابینہ کے ارکان نے غزہ میں جنگ کے خاتمے کے حوالے سے امریکی تجویز کا خیرمقدم کیا اور العلا میں ہونے والے میونخ سکیورٹی لیڈرز اجلاس کے نتائج کو سراہا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے منگل کو ریاض میں کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں خطے خصوصا مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
کابینہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے تمام یرغمالیوں کی رہائی کو یقینی بنانے اور عملدرآمد کے طریقہ کار پر اتفاق کے لیے فوری بات چیت شروع کرنے کی تجویز کے جواب میں اقدامات کا خیرمقدم کیا۔
وزیراطلاعات سلمان بن یوسف الدوسری نے ایس پی اے کو بتایا کابینہ نے العلا میں میونخ سکیورٹی لیڈرز اجلاس کے نتائج کو سراہا جس میں کئی ملکوں کے عہدیداروں نے علاقائی صورتحال، فوڈ سکیورٹی، کلائمنٹ، توانائی، بین الاقوامی تجارت، اقتصادی تعاون اور خوشحالی جیسے ایشوز پر تبادلہ خیال کےلیے شرکت کی۔