سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں میوزیم آف ورلڈ کلچرز کا افتتاح سال 2026 میں متوقع ہے۔
وزارت ثقافت کے ایکس اکاونٹ کے مطابق یہ میوزیم رائل آرٹ کمپلیکس میں بنایا جا رہا ہے،جس کی بلندی 110 میٹر ہے جو ریاض کو عالمی ثقافتی منزل کے طور پر نمایاں کرے گا۔
اس میں رائل انسٹی ٹیوٹ آف ٹریڈیشنل آرٹ ہال، 2300 سیٹوں پر مشتمل نیشنل تھیڑ، ثقافت اور فنون کی خصوصی لائبریری جس میں 2 لاکھ 50 ہزار سے زائد کتابیں رکھنے کی گنجائش ہوگی شامل ہے۔

کمپلیکس میں مجسمہ سازی کےلیے بھی ایک ہال ہوگا۔ فنکاروں کےلیے خصوصی ہال ’القبہ‘ کے نام سے بنایا جائے گا جو منفرد اور مثالی طرز تعمیر کا شاہکار ہوگا۔
میوزیم اتھارٹی نے گزشتہ برس جولائی میں ڈاکٹر ہارٹ وگ فشر کو میوزیم آف ورلڈ کلچرز کا ڈائریکٹر تعینات کیا تھا۔
یاد رہے سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے 19 مارچ 2019 کو ریاض کے رائل آرٹ کمپلیکس کا اعلان کیا تھا۔

ولی عہد نے خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے اس منصوبے کے خد وخال وضع کرنے کی ہدایات جاری کی جو فن وثقافت کے لیے ایک روشن مینار کی مانند ہو۔
وزارتِ ثقافت و کنگ سلمان پارک کے تعاون سے دارالحکومت ریاض کے عین قلب میں مئی 2022 کو 5 لاکھ مربع میٹر اراضی پر منصوبے کا آغاز کیا گیا تھا۔
کمپلیکس کا ڈیزائن ہسپانوی ماہر تعمیرات ریکارڈو بوفل نے سلماینہ فن تعمیر کو سامنے رکھتے ہوئے بنایا ہے۔

کنگ سلمان پارک پروجیکٹ مملکت کے وژن 2030 کے اہم ترین اہداف میں سے ایک ہے۔ یہ ریاض شہر کے لیے ایک ایسا سبزہ زار ثابت ہوگا جو’اکسیجن‘ کا کام دے گا۔
یہ پارک 16 ملین مربع میٹر رقبے پر محیط ہے، اس کا شمار دنیا کے سب سے بڑے پارکس میں کیا جائے گا۔ ریاض کے شہریوں کےلیے مثالی زندگی کا منفرد تجربہ ہوگا۔
کنگ سلمان پارک پروجیکٹ ریاض شہر کے اہم و مرکزی علاقے میں واقع ہے جو اہم شاہراہوں، ریلوے اور بس سٹیشنوں سے متصل ہے۔