وزیرِاعظم کی صدر زرداری سے ملاقات، قومی معاملات پر سیاسی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے بدھ کی شام کو صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایوانِ صدر میں ملاقات کی اور ان سے موجودہ سیاسی و سکیورٹی کی صورتِحال اور علاقائی اور بین الاقوامی حالات کے حوالے سے گفتگو کی۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات کے دوران صدرِمملکت اور وزیرِاعظم نے قومی اہمیت کے امور پر تبادلۂ خیال کیا، جن میں موجودہ سیاسی و سکیورٹی صورتِحال، علاقائی اور بین الاقوامی حالات اور پاکستان کے تزویراتی و اقتصادی مفادات پر ان کے اثرات شامل تھے۔
اعلامیے کے مطابق وزیرِاعظم نے صدرِمملکت کو اپنے حالیہ دورۂ مصر اور ملائیشیا کے بارے میں آگاہ کیا، جس میں ان کی بین الاقوامی رہنماؤں سے ملاقاتیں اور غزہ میں امن کے قیام کے لیے کی جانے والی کوششیں شامل تھیں۔
بیان کے مطابق صدر آصف علی زرداری اور وزیرِاعظم شہباز شریف نے بعد ازاں علیحدہ ملاقات بھی کی جس کے دوران قومی ترجیحات اور حکومتی پالیسیوں کی مجموعی سمت پر بات چیت ہوئی۔
’دونوں رہنماؤں نے قومی اہمیت کے معاملات پر سیاسی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔‘
وزیرِاعظم کے ہمراہ نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیرِمنصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال، وزیرِبین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ خان، وزیرِداخلہ محسن نقوی، وزیرِقانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سینیٹر شیری رحمان اور سید نئیر حسین بخاری بھی موجود تھے۔
قبل ازیں صدر آصف علی زرداری کے ساتھ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملاقات ہوئی تھی جس میں داخلی اور خارجی سکیورٹی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔
بدھ کو ایوان صدر سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں فیلڈ مارشل نے صدر مملکت کو ملک کی مجموعی داخلی اور خارجی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی۔
انہوں نے صدر کو افغان طالبان حکومت کی جارحانہ اور اشتعال انگیز کارروائیوں سے پیدا ہونے والی حالیہ سکیورٹی صورتحال سے بھی آگاہ کیا، اور پاکستان کی مسلح افواج کی محتاط اور مناسب جوابی کارروائی سے بھی مطلع کیا۔
