Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روسی موسیقار ڈیانا کو ممنوعہ گانا ’سوان لیک‘ سڑک پر بجانے پر 13 دن قید کی سزا

یہ گانا جلاوطن روسی ریپر نوائز ایم سی کا تخلیق کردہ ہے (فائل فوٹو: ڈیانا لوگینوا)
روس کی ایک 18 سالہ نوجوان سٹریٹ موسیقار ڈیانا لوگینوا کو ممنوعہ گانا ’سوان لیک کوآپریٹو‘ بجانے پر 13 دن قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ڈیانا لوگینوا کو یہ سزا جمعرات کو سنائی گئی۔ انہوں نے شہر کی مرکزی شاہراہ نیوسکی پراسپیکٹ پر یہ ممنوعہ گانا بجایا تھا۔
ڈیانا لوگینوا ’ناوکو‘ کے نام سے اپنے بینڈ ’سٹاپ ٹائم‘ کے ساتھ پرفارم کرتی ہیں۔
انہیں بدھ کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب ان کا گانا ’سوان لیک کوآپریٹو‘ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔
یہ گانا جلاوطن روسی ریپر نوائز ایم سی کا تخلیق کردہ ہے۔
وائرل ویڈیو میں کیا تھا؟
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نوجوانوں کا ایک ہجوم ڈیانا لوگینوا کے ساتھ گانے کے بول گاتا ہے جو روسی حکام کے خلاف عام طور پر عوامی سطح پر نہ دکھائی دینے والی مزاحمت کی علامت ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈیانا نیوسکی پراسپیکٹ پر گانا گا رہی ہے اور حاضرین یہ بول گاتے ہیں:’میں بیلے دیکھنا چاہتا ہوں، سوانز کو رقص کرنے دو۔ بزرگ خوف سے کانپے، اپنی جھیل کے لیے۔‘

ڈیانا لوگینوا سینٹ پیٹرزبرگ کے ایک میوزک کالج میں تعلیم حاصل کر رہی ہیں (فائل فوٹو: ڈیانا لوگینوا)

جمعرات کو سینٹ پیٹرزبرگ کی عدالت نے ڈیانا لوگینوا کو بغیر اجازت عوامی اجتماع منعقد کرنے اور میٹرو تک رسائی میں رکاوٹ ڈالنے کے الزام میں قصوروار قرار دیا جو کہ ایک انتظامی جرم ہے۔
’طویل قید بھی ہو سکتی ہے‘
پولیس کے مطابق 13 دن کی سزا مکمل ہونے کے بعد ڈیانا لوگینوا پر روسی فوج کو ’بدنام‘ کرنے کا ایک اور انتظامی مقدمہ بھی درج کیا جائے گا۔ اگر وہ دوبارہ ایسی خلاف ورزی کی مرتکب پائی گئیں تو انہیں فوجداری مقدمے اور طویل قید کا سامنا ہو سکتا ہے۔
نوائز ایم سی کون ہیں؟
نوائز ایم سی کا اصل نام ایوان الیکسییف ہے۔ وہ روسی حکومت کے کھلے ناقد ہیں اور یوکرین جنگ کے آغاز کے بعد وہ روس چھوڑ کر لیتھوانیا منتقل ہو گئے تھے۔
روس نے انہیں ’غیرملکی ایجنٹوں‘ کی فہرست میں شامل کر رکھا ہے۔

نوائز ایم سی یوکرین جنگ کے آغاز کے بعد وہ روس چھوڑ کر لیتھوانیا منتقل ہو گئے تھے (فائل فوٹو: سویوز ڈاٹ آریو)

گانے کے بول کیسے ہیں؟
اس گانے میں صدر ولادیمیر پوتن یا یوکرین جنگ کا براہ راست ذکر نہیں لیکن ’سوان لیک‘ کا حوالہ چیائیکوفسکی کے مشہور بیلے سے ہے جو سوویت رہنماؤں کی موت یا سنہ 1991 کی بغاوت کے دوران ٹی وی پر نشر ہوتا تھا اور اب ایک علامتی اشارہ بن چکا ہے۔
گانے میں ’اوزیرو‘ (جھیل) کا ذکر بھی ہے جو سینٹ پیٹرزبرگ کے شمال میں واقع ایک ڈاچا کوآپریٹو ہے جس کا تعلق پوتن کے قریبی حلقے سے بتایا جاتا ہے۔
مئی میں سینٹ پیٹرزبرگ کی ایک عدالت نے اس گانے پر پابندی عائد کر دی تھی۔

ڈیانا لوگینوا ’ناوکو‘ کے نام سے اپنے بینڈ ’سٹاپ ٹائم‘ کے ساتھ پرفارم کرتی ہیں (فائل فوٹو: روئٹرز)

عدالت نے کہا تھا کہ اس گانے میں ’نفرت انگیز رویوں کی توجیہہ‘ اور ’آئینی نظام کی بنیادوں کو پرتشدد طریقے سے بدلنے کی ترغیب‘ دی جا سکتی ہے۔
اگرچہ روس میں یوٹیوب اور نوائز ایم سی کی ویب سائٹ پر اس گانے کے لنکس بلاک کر دیے گئے ہیں، نوجوان وی پی این استعمال کر کے اس تک رسائی حاصل کر لیتے ہیں۔
ڈیانا لوگینوا سینٹ پیٹرزبرگ کے ایک میوزک کالج میں تعلیم حاصل کر رہی ہیں اور روس اور بیرون ملک کئی طلبہ موسیقی مقابلے جیت چکی ہیں۔

شیئر: