Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں بغیر ڈرائیور گاڑیوں کی سروس، ہزار افراد مستفید

سعودی ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے ریاض شہر میں خودکار ڈرائیونگ گاڑیوں کی سروس اپنے آپریشنل شراکت داروں اوبر اور وی رائیڈ کے تعاون سے جاری رکھا ہوا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ منصوبہ اپنے ابتدائی تجرباتی مرحلے میں ہے اور آغاز سے ہی عوام کی بڑھتی ہوئی دلچسپی حاصل کر رہا ہے جہاں اب تک ایک ہزار سے زائد افراد اس سروس کا تجربہ حاصل کر چکے ہیں۔
اتھارٹی نے وضاحت کی کہ فی الحال خودکار گاڑیاں ریاض میں روشن فرنٹ اور شہزادی نورة بنت عبدالرحمٰن یونیورسٹی کے اندر دو مخصوص راستوں پر چل رہی ہیں۔
ہر مقام پر مخصوص سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں تاکہ مسافروں کے لیے چڑھنے اور اترنے کے مقامات تک پہنچنا آسان ہو۔
یہ سروس عمومی ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی براہِ راست تکنیکی اور انتظامی نگرانی میں فراہم کی جا رہی ہے جبکہ ہر گاڑی میں حفاظتی اہلکار موجود ہوتا ہے جو نظام کی کارکردگی اور سلامتی پر نظر رکھتا ہے۔
اتھارٹی نے بتایا کہ یہ سروس اس کی جدید اور نمایاں پہل میں سے ایک ہے جس کا مقصد سمارٹ اور پائیدار ٹرانسپورٹ کے نظام کو فروغ دینا اور نقل و حمل کے شعبے میں جدید ترین ٹیکنالوجیز کو اپنانا ہے تاکہ یہ سب کچھ قومی ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس حکمتِ عملی اور سعودی وژن 2030 کے اہداف سے ہم آہنگ ہو۔
اتھارٹی نے مزید بتایا کہ عملی منصوبہ بندی کے تحت ریاض کے اندر راستوں اور اہم مقامات کی تعداد بتدریج بڑھانے اور سالِ رواں کے اختتام تک گاڑیوں کی تعداد 20 سے زائد کرنے کا ہدف مقرر ہے۔
اس منصوبے میں کئی سرکاری ادارے شریک ہیں جن میں وزارتِ داخلہ، مواصلات و اطلاعاتی ٹیکنالوجی کا نظام، سدايا، عمومی اتھارٹی برائے جغرافیائی معلومات و پیمائش اور سعودی معیار اتھارٹی شامل ہیں۔
اتھارٹی نے شہریوں اور رہائشیوں کو دعوت دی کہ وہ اوبر ایپ کے ذریعے خودکار گاڑیوں کی سروس کا تجربہ حاصل کریں اور ذہین اور محفوظ سفر سے لطف اندوز ہوں جو ملک میں نقل و حمل کے مستقبل کی علامت ہے۔

شیئر: