عمرہ سیزن کے آغاز سے اب تک 40 لاکھ ویزے جاری، پاکستانی سرفہرست
جمعرات 23 اکتوبر 2025 20:49
گزشتہ 5 ماہ کے دوران عمرہ زائرین کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔(فوٹو: ایکس اکاونٹ)
عمرہ سیزن کے آغاز سے اب تک 40 لاکھ عمرہ ویزے جاری کیے جاچکے ہیں۔ پاکستان سے آنے والے عمرہ زائرین سرفہرست رہے جبکہ دوسرے نمبر پر انڈونیشیا کے زائرین رہے۔
العربیہ کی رپورٹ کے مطابق رواں برس عمرہ سیزن کا آغاز حج کے فوری بعد جون 2025 میں کردیا گیا تھا۔ گزشتہ 5 ماہ کے دوران عمرہ زائرین کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔
بیرون مملکت سے آنے والے زائرین کا تعلق مختلف ممالک سے ہے جن میں تیسرے نمبر پر انڈیا بعدازاں عراق کے زائرین رہے پانچواں نمبر مصر کا رہا۔
وزارت حج وعمرہ نے بیشتر ممالک کے لیے ’نسک‘ پورٹل پر عمرہ ویزے کی سہولت بھی شروع کررکھی ہے جس کے ذریعے یورپی ممالک سے آنے والے زائرین اپنی مرضی کا عمرہ پیکیج باسانی حاصل کرسکتے ہیں۔
عمرہ کے لیے آنے والے بیشتر زائرین جدہ یا براہ راست مدینہ منورہ آتے ہیں جس کے بعد وہ عمرہ کی ادائیگی کےلیے ٹرین یا بسوں کے ذریعے مکہ مکرمہ روانہ ہوجاتے ہیں۔
وزارت حج وعمرہ کا کہنا تھا کہ’ زائرین کی سہولت کےلیے فراہم کی جانے والی ڈیجیٹل خدمات کے دائرے کو وسیع کیا جارہا ہے جس میں مختلف زبانوں میں رہنما ضوابط بھی جاری کیے جائیں گے۔‘
