Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’حرا کلچرل ڈسٹرکٹ‘ زائرین کے لیے روحانی اور ثقافتی تجربہ

زائرین حرا پہاڑ سے مکہ کے خوبصورت نظاروں سے لطف اندوز ہوتے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
مکہ مکرمہ میں واقع حرا کے دامن میں ’حرا کلچرل ڈسٹرکٹ‘ دنیا بھر سے آنے والے زائرین میں مقبول ہے۔
غارحرا جو سطح سمندر سے تقریبا 3600 فٹ بلندی پر واقع ہے، پر جانے کے لیے اب راستے کو کافی حد تک بہتر بنا دیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق حرا پہاڑ کی چوٹی سے زائرین مکہ مکرمہ کے خوبصورت نظاروں سے لطف اندوز ہوتے ہیں اور اس مبارک غار میں بھی جاتے ہیں جہاں وحی کے نزول کا آغاز ہوا تھا۔

انتظامیہ کی جانب سے غارِ حرا جانے والے زائرین کو ہدایت کی گئی کہ وہ پہاڑ پر جانے کے لیے مناسب اوقات کا انتخاب کریں طلوع فجر کے وقت یا سہ پہر عصر کے بعد تاکہ گرمی کی شدت سے محفوظ رہ سکیں۔
علاوہ ازیں اپنے ہمراہ مناسب مقدار میں پانی بھی لے جائیں، بند جوتے یا جوگرز کا استعمال کریں۔

حرا ثقافتی مرکز کی جانب سے اگرچہ غار حرا کے راستے کو کافی حد تک بہتر بنایا گیا ہے تاہم کہیں کہیں دشوار گزرگاہوں پر سیڑھیاں بھی ہیں۔
غار حرا جانے والے زائرین کا کہنا تھا کہ ’انہیں یہاں آ کر ایسا دلی سکون محسوس ہوا جو پہلے کبھی نہیں ملا، ان لمحات کو محسوس ہی کیا جا سکتا ہے اور احساسات کو لفظوں میں بیان کرنا ممکن نہیں۔‘

حرا کلچرل ڈسٹرکٹ 67 ہزار مربع میٹر پر محیط ہے جو مکہ مکرمہ اور طائف کے درمیان شاہ فیصل رنگ روڈ پر بنایا گیا ہے۔ یہاں میوزیم کے علاوہ غار حرا کا ایسا مجسم ماڈل بنایا گیا ہے جسے دیکھ کر حقیقی غار حرا کا گمان ہوتا ہے۔
غار کا یہ ماڈل ان لوگوں کے لیے ایک تحفہ ہے جو جسمانی کمزوری کے باعث غار کی چوٹی پر چڑھنے سے قاصر ہیں اس لیے وہ یہاں آ کر یادگاری تصاویر بھی بناتے ہیں۔

۔   

شیئر: