پاکستانی ورک سپیس پلیٹ فارم ’کولیبز‘ سعودی عرب میں خدمات فراہم کرے گا
اتوار 26 اکتوبر 2025 12:43
پاکستان میں قائم ایک کو ورکنگ سٹارٹ اپ نے رواں ہفتے اعلان کیا ہے کہ وہ سعودی عرب تک اپنا دائرہ وسیع کر رہا ہے اور ریاض میں اپنی فلیگ شپ سائٹ کے افتتاح کے ساتھ کام کا آغاز کرے گا۔
عرب نیوز کے مطابق ’کولیبز‘ کے نام سے یہ سٹارٹ اپ کمپنی چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں، انٹرپرینیورز اور فری لانسرز کو کام کی جگہیں اور ٹیکنالوجی پلیٹ فارم فراہم کرتی جہاں وہ اپنے کاروبار کو قائم اور ترقی دے سکیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کے 10 سے زائد مقامات پر خدمات انجام دے رہی ہے اور 300 کمپنیوں کے پانچ ہزار سے زائد ممبران پر مشتمل ایک فعال کاروباری کمیونٹی کو معاونت فراہم کرتی ہے۔
کمپنی نے سنیچر کو میڈیا کو جاری پیغام میں کہا کہ ’کولیبز ریاض میں اپنے فلیگ شپ سائٹ کے آغاز کے ساتھ سعودی عرب تک اپنی خدمات کا دائرہ وسیع کر رہا ہے۔ یہ یہ ہمارے لیے پُرجوش لمحہ ہے کیونکہ ہمارا وسیل انویسٹمنٹ اور شروق جیسے اداروں کے ساتھ اشتراک ہو رہا ہے۔‘
کمپنی نے کہا کہ ’سعودی مارکیٹ میں داخل ہونے کا یہ قدم نہ صرف کولیبز پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کو ظاہر کرتا ہے بلکہ یہ وژن 2030 کے اہداف سے بھی مطابقت رکھتا ہے اور اس کا مقصد سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان کاروباری اور تخلیقی روابط کو مزید مضبوط کرنا ہے۔‘
بیانمیں مزید بتایا گیا ہے کہ ’کولیبز سعودی مارکیٹ میں بھی جدت، نیٹ ورکنگ اور کمیونٹی بلڈنگ کے کلچر کو فروغ دے کر اپنی کامیابی کو دہرانے کا ارادہ رکھتا ہے۔‘
