ریاض ایئر کی لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ کے لیے پہلی پرواز، اہم سنگ میل عبور کرلیا
اتوار 26 اکتوبر 2025 21:01
فی الحال یہ سروس ریاض ایئر کے ملازمین اور منتخب مہمانوں تک محدود ہے (فوٹو: ایکس اکاونٹ)
سعودی عرب کی نئی قومی فضائی کمپنی ’ریاض ایئر‘ نے اتوار 26 اکتوبر کو ریاض کے کنگ خالد ایئرپورٹ سے لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ تک پہلی پیسنجر پرواز کی کامیابی سے ایک اہم سنگ میل عبور کیا ہے۔
ایئرلائن نے ایک بیان میں کہا کہ ’لندن کےلیے بوئنگ 9-787 ڈریم لائنز کی پرواز روزانہ چلے گی، فی الحال یہ ریاض ایئر کے ملازمین اور منتخب مہمانوں تک محدود ہے۔‘
ریاض ایئرکی پہلی انٹرنیشنل پرواز’آر ایکس 401‘ کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ 26 اکتوبر کی صبح کے سوا تین بجے روانہ ہوئی جو لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر 7 بج کر 30 منٹ پر لینڈ ہوئی۔ جبکہ واپسی پر ’آرایکس 402 ‘ لندن سے 9 بج کر 30 منٹ پر ٹیک آف کیا، ریاض کے وقت کے مطابق کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 19:15 پر لینڈنگ کی۔
توقع ہے ریاض ایئر مملکت کی نان آئل جی ڈی پی میں 20 ارب ڈالر سے زیادہ کا اضافہ کرے گی اور دو لاکھ سے زیادہ براہ راست اور بالواسطہ ملازمیں نکلیں گی۔
ریاض ایئر سال 2030 تک فضائی کمپنی دنیا کے 100 مقامات تک اپنا دائرہ وسیع کرے گی۔
اخبار 24 کے مطابق فلائٹ آپریشن کے دوسرے مرحلے کا آغاز دبئی کےلیے کیا جائے گا۔ آنے والے مہنیوں میں ونٹر سیزن 2025 اور سمر سیزن 2026 کے حوالے سے اضافی روٹس کا اعلان ہوگا۔
ائیرلائن کی جانب سے لائیلٹی پروگرام ’سفیر‘ کے نام سے شروع کیا گیا ہے، ابتدائی رجسٹریشن کرانے والے ممبران کو بکنگ کی سہولت و دیگر مراعات حاصل ہوں گی۔
ریاض ایئر بوئنگ 9-787 طیارے استعمال کررہی ہے جسے ’جمیلہ‘ (خوبصورت) کا نام دیا گیا ہے۔
کمپنی کے سی ای او ٹونی ڈوگلاس کا کہنا ہے ’مملکت کے وژن 2030 کے اہداف کے مطابق دنیا کو ایک عالمی معیار کی بہترین فضائی کمپنی سے جوڑنے کا اچھا آغاز ہو گیا ہے۔‘
سعودی عرب کی جانب سے ریاض ایئر کو اپنے دوسرے فلیگ شپ کیریئر کے طور پر متعارف کرانا وژن 2030 کے مقاصد کے مطابق مملکت کی تیزی سے عالمی سیاحتی مقام میں تبدیلی کے ساتھ ہم آہنگ کرنا ہے۔
