’پاکستان اپنی سرزمین پر حملے برداشت نہیں کرے گا، کسی بھی مہم جوئی کا جواب سخت اور کڑوا ہوگا‘
’پاکستان اپنی سرزمین پر حملے برداشت نہیں کرے گا، کسی بھی مہم جوئی کا جواب سخت اور کڑوا ہوگا‘
بدھ 29 اکتوبر 2025 11:07
پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ’پاکستان اپنی سرزمین پر کسی بھی دہشت گردی کی کارروائی یا خودکش حملے کو برداشت نہیں کرے گا اور کسی بھی مہم جوئی کا جواب سخت اور کڑوا ہوگا۔‘
انہوں نے بدھ کو ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان نے بردار اسلامی ممالک کی درخواست پر امن قائم کرنے کے لیے مذاکرات کی پیشکش قبول کی۔
’تاہم افغان حکام کے زہریلے بیانات یہ ظاہر کرتے ہیں کہ طالبان حکومت میں انتشار اور دھوکہ دہی بتدریج موجود ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ پاکستان واضح کرتا ہے کہ اسے طالبان رجیم کو ختم کرنے یا انہیں غاروں میں چھپنے پر مجبور کرنے کے لیے اپنی پوری طاقت استعمال کرنے کی ہرگز ضرورت نہیں۔
’البتہ طالبان رجیم کی اگر خواہش ہو تو تورا بورا میں ماضی کی شکست کے مناظر، جہاں وہ دُم دبا کر بھاگے تھے، دوبارہ دیکھنا یقیناً اقوام عالم کے لیے ایک نیا دلچسپ منظر ہوگا۔‘
خواجہ آصف نے کہا کہ افسوس ہوتا ہے کہ طالبان حکومت صرف اپنی قابض حکمرانی برقرار رکھنے اور جنگی معیشت کو بچانے کے لیے افغانستان کو ایک اور تنازعے میں دھکیل رہی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ’طالبان حکومت کو چاہیے کہ اپنے انجام کا حساب ضرور رکھیں‘ (فوٹو: اے ایف پی)
انہوں نے مزید کہا کہ اپنی کمزوری اور جنگ کے دعووں کی کھوکھلی حقیقت کو بخوبی جاننے کہ باوجود طالبان حکومت طبلِ جنگ بجا کر بظاہر افغان عوام مے اپنی بگڑتی ہوئی ساکھ بچانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔
’اگر افغان طالبان پھر بھی دوبارہ افغانستان اور اس کے معصوم عوام کو تباہ کرنے پر مصر ہیں تو پھر جو بھی ہونا ہے وہ ہو۔‘
پاکستان کے وزیر دفاع نے مزید کہا کہ جہاں تک ’سلطنتوں کے قبرستان‘ کے بیانیے کا تعلق ہے، پاکستان خود کو ہرگز سلطنت نہیں کہتا لیکن افغانستان، طالبان کی وجہ سے اپنے ہی لوگوں کے لیے ایک قبرستان سے کم نہیں۔ یہ کبھی سلطنتوں کا قبرستان تو نہیں رہا البتہ ہمیشہ بڑی طاقتوں کے کھیل کا میدان ضرور رہا ہے۔‘
انہوں نے تنبیہہ کی کہ ’پاکستان طالبان کے جنگجوؤں کو خبردار کرتا ہے کہ اپنے ذاتی فائدے کے لیے خطے میں بدامنی کے لیے جو کام وہ کررہے ہیں، انہوں نے شاید پاکستانی عزم اور حوصلے کو غلط انداز میں لیا ہے۔ اگر طالبان رجیم لڑنے کی کوشش کرے گی تو دنیا دیکھے گی کہ ان کی دھمکیاں صرف دکھاوا ہیں۔‘
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ’طالبان حکومت کو چاہیے کہ اپنے انجام کا حساب ضرور رکھیں، کیونکہ پاکستان کے عزم اور صلاحیتوں کو آزمانا ان کے لیے بہت مہنگا ثابت ہوگا۔‘
واضح رہے کہ وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے بدھ کو افغانستان کے ساتھ مذاکرات کی ناکامی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان اور افغان طالبان حکومت کے درمیان استنبول میں ہونے والے مذاکرات کسی قابلِ عمل نتیجے پر نہیں پہنچ سکے ہیں۔