حرا کلچر ڈسٹرکٹ میں آنے والی نسلوں کے لیے آڈیو وژوئل ورثے کے تحفظ کے لیے اقدامات 
        
        
                        
                
                    
                                                    
                                 
                                                                    
                                        
                                            آڈیو وژوئل ورثہ 2025 کا عالمی دن 29 اکتوبر کو منایا گیا ہے ( فوٹو: ایس پی اے)                                        
                                    
                                
                             
                                             
                             
            
			
	
	       
	
				
            
                حرا کلچرل ڈسٹرکٹ نے بصری اور سمعی ورثے کے عالمی دن کے موقع پر کئی ایونٹس منعقد کیے جن کا مقصد اس بارے میں عوام کے اندر آگاہی کو فروغ دینا ہے۔
حرا کلچرل ڈسٹرکٹ کے مطابق سمعی اور بصری دستاویزات، لوگوں کی اجتماعی یادداشت کے ایک لازمی حصے کے طور انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق 29 اکتوبر کو ’آڈیو وژوئل ورثہ 2025‘ کا عالمی دن منایا گیا جبکہ مختلف تقاریب میں حرا ڈسٹرکٹ کی میراث کی سائٹس کو خاص طور پر نمایاں کیا گیا اور ان کی تاریخی اور ثقافتی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔
مختلف ایونٹس میں ان دستاویزات کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اور ان تک مستقبل کی نسلوں کی رسائی کو آسان بنانے کے اقدامات کو فروغ دینے کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی گئی۔

ایک خاص حکمتِ عملی کے تحت تصاویر اور وڈیوز کو نمائش میں پیش کیا گیا اور ان کی تفصیلی وضاحت سے حرا ڈسٹرکٹ نے ہر مقام سے وابستہ تاریخی بیان اور نایاب کہانیوں کو لوگوں کے ذہنوں میں پھر سے تر و تازہ کر دیا۔
علاوہ ازیں ام القری یونیورسٹی کے ڈائریکٹر لائبریری عبداللہ السلیمانی نے بتایا کہ ’عالمی دن کے موقع پر ہم  نے حرا کلچرل ڈسٹرکٹ کے تعاون سے قدیم و نادر کتب و مخطوطات کو ڈیجیٹل انداز میں محفوظ کرنے کے طریقوں سے آگاہ کیا۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’قدیم کتب اور مخطوطات کو محفوظ کرنے کے لیے جدید ترین سکینرز کا استعمال کیا جاتا ہے۔‘

جدید ترین سکینرز کے ذریعے کتاب کو سکین کرنے کے بعد اسے ڈیجیٹل لائبریری میں محفوظ کر دیا جاتا ہے۔
لائبریری میں کتب اور قدیم نسخوں کو ڈیجیٹائز کرنے کی سہولت موجود ہے جس سے ریسرچ ورک یا قدیم کتب یا نادر مخطوطات کو محفوظ کرنے والے مستفیض ہو سکتے ہیں۔
لائبریری میں بڑی تعداد میں قدیم کتب، ریسرچ پیپرز اور نادر مخطوطات موجود ہیں جنہیں ڈیجیٹل لائبریری میں تبدیل کیا گیا ہے۔
