جنرل محمد ایوب خان کے پرپوتے کے گھر میں چوری، ’سابق صدر کی ذاتی اشیاء بھی غائب‘
        
        
            
           												
													
												  جمعہ 31 اکتوبر 2025 12:13												
                                                                
        
            
                                    
                
                صالح سفیر عباسی                -اردو نیوز، اسلام آباد
                                
                
             
                        
            
			
	
	       
	
				
            
                اسلام آباد میں فیلڈ مارشل جنرل محمد ایوب خان کے پرپوتے کے گھر میں ایک نامعلوم خاتون نے گھس کر تقریباً 80 لاکھ روپے مالیت کا قیمتی چوری کر لیا۔
یہ واقعہ 26 اکتوبر کو اسلام آباد کے سیکٹر ایٹ ٹو میں پیش آیا جس کی ایف آئی آر تھانہ مارگلہ میں درج کی گئی ہے۔
اُردو نیوز کو دستیاب ایف آئی آر کے مطابق محمد تیمور ایوب خان کی شکایت پر تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 380 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
محمد تیمور سابق صدرِ اور فیلڈ مارشل محمد ایوب خان کے پڑپوتے ہیں جبکہ ان کے والد اکبر ایوب خان خیبر پختونخوا اسمبلی کے رکن ہیں۔
واقعہ کیسے پیش آیا؟
اسلام آباد کے تھانہ مارگلہ میں درج ایف آئی آر میں محمد تیمور ایوب خان نے مؤقف اپنایا کہ وہ 26 اکتوبر کو اسلام آباد کے سیکٹر ایف 8 ٹو میں واقع اپنے گھر پر موجود تھے کہ صبح تقریباً پانچ بج کر 35 منٹ پر ایک نامعلوم خاتون گیٹ پھلانگ کر ان کے ڈرائنگ روم میں داخل ہو گئی۔
ملزمہ نے ڈرائنگ روم میں داخل ہونے کے بعد چوری کی واردات کی۔ خاتون کے فرار ہونے کے بعد جب انہوں نے اپنا سامان چیک کیا تو پتہ چلا کہ ڈرائنگ روم سے قیمتی چاندی کی اشیاء غائب تھیں۔
ایف آئی آر کے مطابق چوری کی جانے والی اشیاء میں دو چاندی کے لیمپ (وزن دو کلو)، ایک چاندی کا تھال (وزن تین کلو)، برتن (وزن چار کلو)، ایک باکس (وزن دو کلو) اور سب سے اہم فیلڈ مارشل ایوب خان کا دعوتی سکرول شامل ہے۔
اس کے علاوہ ہرن کے چہرے والا چاندی کا پیالہ (وزن ایک کلو)، چاندی کی ٹرے (وزن ڈیڑھ کلو)، چائے دان (وزن نصف کلو)، چاندی کا ڈونگا اور بڑا چمچ (وزن ایک کلو) بھی چوری کر لیے گئے۔ میک اپ کا سامان اور دیگر گھریلو اشیاء بھی غائب تھیں۔
محمد تیمور ایوب خان کے مطابق ان تمام اشیاء کی مالیت تقریباً 80 لاکھ روپے بنتی ہے۔
مدعی کی جانب سے یہ مؤقف بھی اختیار کیا گیا ہے کہ چوری شدہ سامان میں سابق صدر پاکستان فیلڈ مارشل جنرل محمد ایوب خان کی ذاتی استعمال کی اشیاء بھی شامل ہیں، اس لیے ملزمہ کی تلاش اور سامان کی برآمدگی کو ممکن بنایا جائے۔
اُردو نیوز نے چوری کے اس واقعے سے متعلق مزید جاننے کے لیے فیلڈ مارشل ایوب خان کے پڑپوتے محمد تیمور ایوب خان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تاہم ان کی جانب سے تاحال کوئی جواب نہیں دیا گیا۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ ایف آئی آر کے اندراج کے بعد نامعلوم خاتون کی تلاش جاری ہے جسے جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
