ریاض میں جاپان فیسٹیول، سفارتی تعلقات کے 70 برس مکمل ہونے کا جشن
مملکت میں کام کرنے والی جاپانی کمپنیوں نے بھی شرکت کی (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی دارالحکومت ریاض میں جاپانی سفارتخانے نے سعودی عرب اور جاپان کے درمیان سفارتی تعلقات کے 70 برس مکمل ہونے پر ڈپلومیٹک کوارٹر کے کلچرل پیلس میں جاپان فیسٹیول کا انعقاد کیا۔
اس ایونٹ میں ثقافتی اور اقتصادی امور میں دلچسپی رکھنے والی شخصیات، سرکاری حکام اور سفارتکاروں نے شرکت کی۔
اس کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان ثقافتی تبادلے کو فروغ دنیا، 1955 سے قائم سعودی جاپانی تعلقات، مختلف شعبوں خصوصا ثقافتی، اقتصادی اور تعلیمی شعبوں میں بڑھتی ہوئی شراکت داری کو اجاگر کرنا تھا۔
فیسٹیول میں جاپان کے روایتی اور جدید ثقافت کا امتزاج پیش کیا گیا، جن میں جاپانی ڈرمنگ( وادائیکو)، کابو کی آرٹ پرفارمنس، تسو گارو شامیسن میوزک کے علاوہ دستکاری کی نمائش، عربی اور سعودی خطاطی میں ثقافتی تبادلے کے تجربات، روایتی ملبوسات اور پکوان شامل تھے۔
ایس پی اے کے مطابق اس نمائش میں مملکت میں کام کرنے والی جاپانی کمپنیوں نے بھی شرکت کی۔

مملکت میں جاپان کے سفیر نے کہا ’سعودی عرب اور جاپان کی دوستی تعاون کے نئے مرحلے میں داخل ہورہی ہے، جس کی وجہ وژن 2030 کے تحت ہونے والی سعودی عرب کی جامع ترقی ہے۔
ان کا کہنا تھا ’ثقافتی تعاون انسانی اور معاشی روابط کو مضبوط کرتا ہے، انہوں نے دونوں اقوام کے درمیان پل بنانے میں ثقافتی سفارتکاری کی اہیمت پر زور دیا۔
