جاپان نے اکسپو کا پرچم سعودی عرب کو منتقل کردیا
’یہ اقدام نمائش کی میزبانی کی ذمہ داریوں کے باضابطہ انتقال کی علامت ہے‘ ( فوٹو: سبق)
جاپان میں منعقدہ ایکسپو 2025 اوساکا کی اختتامی تقریب کے دوران بین الاقوامی نمائش بیورو BIE کا پرچم باضابطہ طور پر سعودی عرب کو منتقل کر دیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق اختتامی تقریب 6 ماہ تک جاری رہنے والی سرگرمیوں، ثقافتی مکالموں اور دنیا بھر سے شریک ممالک و وفود کے اجتماع کے بعد منعقد ہوئی ہے۔
یہ اقدام نمائش کی میزبانی کی ذمہ داریوں کے باضابطہ انتقال کی علامت ہے جس کے ساتھ ہی سعودی عرب نے 2030 میں غیرمعمولی ایونٹ کے انعقاد کی تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔
ایکسپو 2030 ریاض دنیا بھر کے لیے عظیم عالمی پلیٹ فارم فراہم کرے گا، جہاں جدید اور پائیدار حلوں کی نمائش، پائیدار ترقی کے اہداف کے فروغ اور جامع ترقی کے لیے کوششوں کو سراہا جائے گا۔
یہ نمائش سعودی عرب میں جاری تبدیلی اور ترقی کے وژن کی بنیادوں کو مضبوط کرے گی جو خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی قیادت و حمایت میں جاری ہے۔
اختتامی تقریب میں وزیرِ مملکت اور ریاض رائل کمیشن کے چیف ایگزیکٹیو انجینئر ابراہیم بن محمد السلطان نے بین الاقوامی نمائش بیورو کا پرچم وصول کیا ہے۔
اس موقع پر وزیرِ معیشت و منصوبہ بندی فیصل بن فاضل الابراہیم سعودی عرب کے جاپان میں سفیر ڈاکٹر غازی بن سعید بن زقر اور متعدد معزز شخصیات و حکام بھی موجود تھے۔