حج 2026: غیرمسلم ملکوں سے آنے والے عاز مین کےلیے نسک پر رجسٹریشن کا آغاز
نسک رجسٹریشن کا واحد سرکاری اور مستند پلیٹ فارم ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی وزارت حج نے اعلان کیا ہے کہ حج 2026 (1447ھ)کےلیے غیر مسلم ملکوں سے آنے والے عازمین کے لیے باضابطہ طور پر رجسٹریشن شروع کردی گئی ہے۔
عازمین اب کسی درمیانی ایجنٹ کے بغیر سرکاری نسک حج ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر براہ راست رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔
نسک پلیٹ فارم براہ راست حج پروگرام کے تحت رجسٹریشن کا واحد سرکاری اور مستند پلیٹ فارم ہے۔
یہ ایک مربوط ڈیجیٹل سسٹم ہے جو عازمین کے سفر کے مختلف مراحل کو آسان بناتا ہے، جس میں رجسٹریشن سے لے کرحج پیکیج کے انتخاب، ادائیگی، مکہ اور مدینہ میں رہائش کے مختلف اختیارات اور ٹرانسپورٹیشن شامل ہے۔
وزارت کا کہنا ہے’ پہلے مرحلے میں عازمین رجسٹریشن کےلیے اکاونٹ بنا سکتے ہیں جبکہ پیکیج کا انتخاب اور بکنگ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
عازمین (حج ڈاٹ نسک ڈاٹ ایس اے) پر اپنے ملک، رابطے کی تفصیلات اور شناختی دستاویزات سمیت معلومات کا اندراج کر سکتے ہیں۔
بعد ازاں درخواست کے سٹیٹس کو چیک کرنے کے لیے سسٹم میں لاگ ان کر سکتے ہیں اور اپنے اکاونٹ میں فیملی کے سات افراد کا اندراج کیا جا سکتا ہے۔
وزارت نے بتایا نسک پلیٹ فارم ایک مکمل ڈجیٹل تجربہ فراہم کرتا ہے جس میں رجسٹریشن، پیکیج کے انتخاب اور محفوظ ادائیگی شامل ہیں۔
وزارت نے غیر مجاز ویب سائٹس، ٹریول ایجنٹس یا افراد کے ذریعے درخوست دینے یا دائیگی کرنے سے خبردار کیا اور واضح کیا کہ صرف نسک پلیٹ فرام کے ذریعے رجسٹرڈ اور لائسنس یافتہ سروس پروائیڈرز کو ہی حج کی بکنگ کی اجازت ہے۔
