Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جاپان میں ریچھوں کے حملوں میں 12 افراد ہلاک، فوج طلب کر لی گئی

جاپان میں ریچھوں کے ایک سو حملوں اور 12 اموات کے بعد فوج کو ملک کے شمالی پہاڑی علاقوں میں تعینات کیا گیا ہے تاکہ ریچھوں کو قابو میں لانے میں مقامی حکام کی مدد کی جا سکے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق مقامی انتظامیہ حالیہ حملوں کی لہر سے نمٹنے میں مشکلات کا شکار ہے۔
ماحولیات کی وزارت کے مطابق اپریل سے اب تک جاپان بھر میں ریچھوں کے 100 سے زائد حملے ہو چکے ہیں جن میں 12 افراد ہلاک ہوئے جو کہ ایک نیا ریکارڈ ہے۔ ان میں سے دو تہائی اموات اکیٹا اور اس کے پڑوسی علاقے ایواتے پریفیکچر میں ہوئیں۔
یہ فوجی کارروائی اکیٹا پریفیکچر کے قصبے کازونو میں شروع ہوئی جہاں کئی ہفتوں سے رہائشیوں کو ہدایت دی جا رہی ہے کہ وہ گھنے جنگلات سے دور رہیں، اندھیرے کے بعد گھر سے باہر نہ نکلیں، اور اپنے ساتھ گھنٹیاں رکھیں تاکہ ریچھوں کو دور رکھا جا سکے جو خوراک کی تلاش میں گھروں کے قریب آ سکتے ہیں۔
کازونو کے اہلکار یاسوہیرو کِتاکاتا نے کہا کہ ’چاہے لوگ کتنی ہی احتیاط کریں، ریچھوں کی آبادی اتنی زیادہ ہے کہ واقعات کی تعداد کم نہیں ہو رہی۔‘
فوجی اہلکار ریچھوں کو پکڑنے کے لیے استعمال ہونے والے باکس ٹریپس کی نقل و حمل، تنصیب اور معائنے میں مدد کریں گے، جبکہ ریچھوں کو مارنے کا کام تربیت یافتہ شکاری انجام دیں گے جن کے پاس اس مقصد کے لیے موزوں ہتھیار ہوتے ہیں۔
اکیتا کے حکام کا کہنا ہے کہ اس سال ریچھوں کی موجودگی کی اطلاعات چھ گنا بڑھ کر آٹھ ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جس کے بعد پریفیکچر کے گورنر نے جاپان کی سیلف ڈیفنس فورسز سے مدد کی درخواست کی۔
8 اکتوبر کو جاپان کے شمالی علاقے میں صبح کی سیر کے دوران 82 سالہ خاتون پر ریچھ نے حملہ کر دیا۔ یہ واقعہ صبح 7 بجے سے کچھ پہلے ایک رہائشی علاقے میں پیش آیا، جو ریلوے سٹیشن سے تقریباً 100 میٹر کے فاصلے پر ہے۔ خاتون کے چہرے پر خراشیں آئیں اور انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔

5 اکتوبر کو وسطی جاپان کے ایک مشہور سیاحتی مقام پر ایک ہسپانوی سیاح پر حملہ ہوا (فوٹو: اے ایف پی)

ایک تعمیراتی کمپنی کی عمارت پر نصب سکیورٹی کیمروں کی ویڈیو میں دکھایا گیا کہ خاتون پر پیچھے سے حملہ کیا گیا جب وہ سڑک پر چل رہی تھیں۔
حال ہی میں جاپان کے دیگر علاقوں میں بھی ریچھوں کے حملے ہوئے ہیں۔ 7 اکتوبر کو ایک ریچھ نے ٹوکیو سے تقریباً 130 کلومیٹر شمال میں واقع نیوماتا کی ایک سپر مارکیٹ میں داخل ہو کر دو افراد کو زخمی کر دیا۔ 5 اکتوبر کو وسطی جاپان کے ایک مشہور سیاحتی مقام پر ایک ہسپانوی سیاح پر حملہ کیا گیا۔

شیئر: