بنگلہ دیش میں انتخابی مہم کا آغاز، ریلی پر فائرنگ سے ایک شخص ہلاک
جمعرات 6 نومبر 2025 14:21
بنگلہ دیش میں موٹرسائیکلوں پر سوار مسلح افراد نے ایک سیاسی ریلی پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہو گئے، جن میں ایک امیدوار بھی شامل ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بنگلہ دیش کی اہم سیاسی جماعتوں نے بدھ کو اپنی انتخابی مہمات کا آغاز کیا۔ یہ انتخابات فروری 2026 میں ہونے جا رہے ہیں، جو گزشتہ سال سابق حکمران شیخ حسینہ کی آمرانہ حکومت کے خاتمے کے بعد پہلے عام انتخابات ہوں گے۔
مہم کے آغاز کے ساتھ ہی تشدد بھی شروع ہو گیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ چٹاگانگ کے ساحلی شہر میں بدھ کو اس وقت پیش آیا جب بنگلہ دیش نیشنل پارٹی (بی این پی) کی ایک بڑی ریلی میں سینکڑوں کارکن شریک تھے۔
بی این پی کے سینیئر رہنما عامر خصرو محمود چوہدری نے کہا کہ ’یہ سیاست کو غیر مستحکم کرنے اور انتخابات میں رخنہ ڈالنے کی کوشش ہے۔‘
آئندہ انتخابات میں بی این پی کی جیت کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے بھیڑ پر تیزی سے فائرنگ کی اور فوری طور پر فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق حملہ آوروں کا ہدف بی این پی کا امیدوار نہیں تھا۔
سینیئر پولیس افسر حسیب عزیز نے صحافیوں کو بتایا کہ ’شرپسند عناصر نے اپنے ہدف پر گولیاں چلائیں اور لمحوں میں غائب ہو گئے۔‘
واقعے میں امیدوار ارشاد اللہ اور ایک حامی زخمی ہوئے، جبکہ ایک تیسرا شخص ہلاک ہو گیا۔
عزیز نے کہا کہ ’ہم تمام امیدواروں سے اپیل کرتے ہیں کہ کسی بھی انتخابی ریلی سے کم از کم 24 گھنٹے پہلے پولیس کو اطلاع دیں تاکہ مناسب سکیورٹی فراہم کی جا سکے۔‘
تقریباً 170 ملین آبادی والا جنوبی ایشیائی ملک بنگلہ دیش اگست 2024 میں طلبہ کی قیادت میں بغاوت کے نتیجے میں حسینہ حکومت کے خاتمے کے بعد سے سیاسی ہلچل کا شکار ہے۔
فی الحال انتخابی مہم غیر سرکاری حیثیت میں جاری ہے کیونکہ الیکشن کمیشن پولنگ کی تاریخ کا اعلان دسمبر میں کرے گی۔
عبوری رہنما محمد یونس، جو چیف ایڈوائزر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، کئی بار یقین دہانی کرا چکے ہیں کہ انتخابات فروری میں ہوں گے۔
محمد یونس نے اس فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
ان کی میڈیا ٹیم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’عبوری حکومت تمام سیاسی رہنماؤں اور ان کے حامیوں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ تحمل اور سکون کا مظاہرہ کریں تاکہ فروری کے عام انتخابات ایک پُرامن، باوقار اور منصفانہ ماحول میں منعقد ہو سکیں۔‘
ادھر بنگلہ دیش پولیس نے بدھ کو اعلان کیا کہ وہ گزشتہ سال کی بغاوت کے دوران لوٹے گئے 1,300 سے زائد مشین گنوں، رائفلوں اور پستولوں کی واپسی پر نقد انعام دے گی۔
