Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹیسلا نے نئے پیکج کی منظوری دے دی، ایلون مسک دنیا کے پہلے کھرب پتی بننے کے قریب

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ٹیسلا کے شیئرہولڈرز نے کمپنی کے چیف ایگزیکیٹو ایلون مسک کے سالانہ  پیکج میں اضافے کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد جلد ہی وہ دنیا کے پہلے کھرب پتی بن جائیں گے۔
خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق ٹیسلا نے اعلان کیا کہ کمپنی کے سالانہ اجلاس کے دوران 75 فیصد سے زیادہ شیئر ہولڈرز نے ایلون مسک کی تنخواہ ایک کھرب ڈالر تک بڑھانے کے حق میں ووٹ دیا۔
تاہم ان کا یہ پیکج چند اہداف سے مشروط ہے جو آئندہ دس سالوں میں ایلون مسک کو حاصل کرنا ہوں گے۔
بھاری پیکج کی منظوری دینے والے شیئر ہولڈرز نے یہ بھی شرط رکھی ہے کہ ایلون مسک کو دس سالوں میں 2 کروڑ ٹیسلا الیکٹرک گاڑیاں مارکیٹ میں لانی ہوں گی جو کمپنی کے قیام کے بعد سے دگنی تعداد سے زیادہ ہے۔
علاوہ ازیں ایلون مسک کو ’روبوٹ آرمی‘ کے نام سے پہنچانے جانے والے دس لاکھ انسان نما روبوٹ بھی تیار کرنا ہوں گے جن کے متعلق ان کا دعویٰ تھا کہ یہ دفتر اور گھر میں کام کی نوعیت کو تبدیل کر دیں گے۔
اس تمام عمل میں ایلون مسک کا ووٹ شامل نہیں کیا گیا تھا جن کے پاس کمپنی کے 15 فیصد شیئرز کی ملکیت ہے۔
ایلون مسک ماہانہ تنخواہ نہیں لیتے لیکن منظور شدہ پیکج کے ذریعے آئندہ دس سالوں میں وہ ٹیسلا کے اضافی 423.7 ملین شیئرز کے مالک ہوں گے۔
ان حصص کی مالیت تقریباً 1 کھرب ڈالر ہو سکتی ہے اگر سٹاک مارکیٹ میں کمپنی کے شیئر 8.5 کھرب ڈالر تک پہنچ جائیں جس کے بعد ایلون مسک مکمل ادائیگی کے اہل ہو سکتے ہیں۔
اگلے دس سالوں میں اس پیکج کے تحت دستیاب تمام حصص حاصل کرنے کا مطلب ہے کہ تاریخ میں  پہلی مرتبہ کسی بھی چیف ایگیزیکیٹو کی ایک دن کی 275 ملین ڈالر ہو گی۔
شیئر ہولڈرز کی شرائط کے مطابق چند اہداف حاصل کرنے کی صورت میں بھی ایلون مسک کی مالیت میں چند ارب ڈالرز کا اضافہ ممکن ہے۔
ایلون مسک دنیا کے امیر ترین شخص جان ڈی راکفیلر کو پیچھے چھوڑنے کے قریب ہیں۔ گنیز ورلڈ ریکارڈز نے ریل روڈ ٹائیکون جان ڈی راکفیلر کی مالیت کا اندازہ 630 ارب ڈالر لگایا تھا۔ جبکہ فوربز میگزین کے اندازے کے مطابق ایلون مسک کی مالیت 493 ارب ڈالر ہے۔

 

شیئر: