امسال بھی پکوان سازی کے مقابلے کا اہتمام کیا گیا تھا (فوٹو، ایس پی اے)
جدہ میں کھانے پینے کی مصنوعات کی نمائش ’فوڈ ایکس 2025 ‘ کا 13 واں ایڈیشن تین دن جاری رہنے کے بعد ختم ہوگیا۔ نمائش میں 15 ممالک کے دوسو سے زائد برانڈز کی جانب سے اسٹالز لگائے گئے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق کے انٹرنیشنل ایگزیبیشن سینٹر میں ’فوڈ ایکس ‘ کے 13 ویں ایڈیشن کا افتتاح تین نومبر کو کیا گیا تھا۔
نمائش میں ایشیا اور یورپی ممالک کی کمپنیوں نے اپنے اسٹالز لگائے جن میں سعودی عرب کے علاوہ چین ، ترکیہ ، اٹلی ، جاپان ، ازبکستان ، اسپین ، سری لنکا ، ملائشیا ، مصر ، تھائی لینڈ، متحدہ عرب امارات اور نائیجیریا کی معروف کمپنیوں نے اپنی مصنوعات کی نمائش کی ۔
اشیائے خورونوش کی نمائش کے علاوہ ہر برس کی طرح امسال بھی نمائش سینٹر کے مخصوص حصے میں پکوانوں کے مقابلے کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جس میں سعودی عرب اور دیگر ممالک کے معروف شیف نے اپنی ٹیموں کے ساتھ شرکت کرتے ہوئے لذیذ پکوانوں کا تعارف پیش کیا۔
نمائش میں 200 سے زائد کمپنیوں نے اسٹالز لگائے (فوٹو، ایس پی اے)
اشیائے خورونوش کی نمائش کے حوالے سے زائرین کا کہنا تھا کہ سب سے اہم نمائش ہوتی ہے جس کا سارا سال انتظار کرتے ہیں۔ نمائش کے ذریعے مختلف ممالک کے پکوان اور اشیائے خورونوش کی صنعت میں ہونے والی جدت کے بارے میں بھی معلومات حاصل ہوتی ہیں علاوہ ازیں انواع و اقسام کے مصالہ جات اور دیگر اشیا کا بھی تعارف ہوتا ہے۔
نمائش کے بارے میں اس شعبے سے تعلق رکھنے والے تاجروں کا کہنا تھا کہ باہمی کاروبار کو وسعت دینے کےلیے نمائش انتہائی اہم ہوتی ہے جس کے ذریعے براہ راست صنعت کاروں سے تعارف کا موقع میسرآتا ہے۔