امریکہ: شٹ ڈاؤن سے ایئرٹریفک کنٹرول عملے کی کمی، ایک ہزار سے زائد پروازیں منسوخ
امریکہ میں ملکی تاریخ کے طویل ترین شٹ ڈاؤن کے نتیجے میں ایک ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق فیڈرل ایوی ایشن کے احکامات کے تحت ملک کے مصروف ترین ایئر پورٹس پر آئندہ ہفتے مزید پروازیں منسوخ کی جائیں گی۔
شٹ ڈاؤن کے باعث فضائی اڈوں پر ایئر ٹریفک کنٹرول عملے کی کمی سے مشکلات کا سامنا ہے جبکہ تقریباً ایک ماہ سے ملازمین کو تنخواہیں نہیں ادا کی گئیں۔
جمعے کو امریکہ کے 40 ایئرپورٹس بشمول اٹلاناٹا، ڈیلاس، ڈینور اور شمالی کیرولینا میں شارلٹ ایئر پورٹ پر مسافروں کا رش لگا ہوا تھا جبکہ کئی ایئر لائنز نے فلائٹ چلنے کے وقت سے کچھ دیر پہلے پروازیں منسوخ کیں۔
ایئرلائنز نے پروازوں کے شیڈیول میں خلل پیدا ہونے کے حوالے سے خبردار کیا ہے تاہم غیرملکی پروازویں نہیں متاثر ہوں گی۔
ٹرانسپورٹیشن سیکریٹری شان ڈفی کا کہنا ہے کہ اگر شٹ ڈاؤن برقرار رہا اور تنخواہ نہ ملنے پر مزید ایئر کنٹرول عملے نے کام پر آنے سے انکار کیا تو پروازوں کی تعداد میں 15 سے 20 فیصد کی کمی لائی جا سکتی ہے۔
پروازوں کو ٹریک کرنے والی ویب سائٹ ’فلائیٹ اویئر‘ کے مطابق جمعے کو ملک بھر میں ایک ہزار سے زیادہ پروازیں منسوخ کی گئیں جو جمعرات کے مقابلے میں پانچ گنا زیادہ ہے۔
ریگن نیشنل ایئرپورٹ سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں لینڈ کرنے والی 81 پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔
ایئر لائنز کی کوشش ہے کہ چھوٹے روٹس جن پر یومیہ متعدد فلائٹس چلتی ہیں انہیں منسوخ کیا جائے تاکہ کم سے کم مسافر متاثر ہوں۔
