Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد کے لیے سعودی عرب کا اعلیٰ اعزاز

پاکستان فوج کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کو سعودی عرب کے ’کنگ عبدالعزیز میڈل آف آنر‘ سے نوازا گیا ہے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے اتوار کو اپنے بیان میں کہا کہ ’جنرل ساحر شمشاد مرزا کو پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے بالخصوص عسکری سطح پر مضبوط روابط قائم کرنے میں ان کی اہم خدمات کے اعتراف میں اعلیٰ اعزاز سے نوازا گیا۔‘
بیان کے مطابق ’چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی ’کنگ عبدالعزیز میڈل آف آنر آف دی ایکسیلنٹ کلاس‘ عطا کیا گیا۔ یہ سعودی عرب کے اعلیٰ ترین فوجی اور شہری اعزازات میں سے ایک ہے۔‘
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی سے ملاقات کی ہے۔
بیان کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں اعلیٰ فوجی رہنماؤں نے تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی اور علاقائی ماحول پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا۔
’فوجی قیادت نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے برادرانہ تعلقات اور دیرپا دفاعی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔‘
آئی ایس پی آر کے مطابق ’سعودی عرب کی فوجی قیادت نے پاک فوج کے پیشہ ورانہ معیار کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے دی جانے والی بے مثال قربانیوں کا اعتراف بھی کیا۔‘

شیئر: