’سیکیورٹی ڈیپازٹ والٹ، ایجار نیٹ ورک کی نئی سروس
جمع کرائی جانے والی زرضمانت محفوظ ہوگی۔ (فوٹو العربیہ نیٹ)
مملکت میں ریئل سٹیٹ رینٹل سیکٹر کو منظم کرنے والے پلیٹ فارم نے ایجار نے سیکیورٹی ڈیپازٹ سروس کا آغاز کرنے کا اعلان کیا ہے۔
العربیہ نیوز کے مطابق کرایہ دار کی جانب سے مالک مکان کو دی جانے والی ضمانت کی رقم اب ایجار پلیٹ فارم کے والٹ میں جمع ہوگی جس سے فریقین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے گا۔
ایجار نیٹ ورک کی جانب سے شروع کی جانے والی سروس میں جمع کرائی گئی ضمانت کی رقم مکان کو خالی کرتے وقت اس صورت میں مکمل لوٹا دی جائے گی اگر مکان، فلیٹ یا جائیداد کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچا ہو۔
ایجار نیٹ ورک کے معاہدے کے تحت حتمی فیصلہ متعلقہ کمیٹی مکان کا جائزہ لینے کے بعد کرے گی ۔ سروس کا مقصد کرایہ دار اور مالک کے مابین ثالثی اور حقوق کے تحفظ کی ضمانت بھی ہے۔
اس ضمن میں ایجار نیٹ ورک کے ذمہ دار کا کہنا تھا کہ جمع کرائی جانے والی زرضمانت محفوظ ہوگی اس بارے میں کسی قسم کی تشویش میں مبتلا نہ ہوا جائے ۔
واضح رہے مملکت میں رئیل سٹیٹ کے معاملات کو منظم کرنے اور مالک مکان و کرایہ داروں کے حقوق کا تحفظ کرنے کے لیے ایجار نیٹ ورک قائم کیا گیا تھا جس کے ذریعے ہونے والے ڈیجیٹل معاہدے میں فریقین کے حقوق کی وضاحت کی جاتی ہے۔
نئی شروع کی جانے والی سروس کا مقصد بھی فریقین کے حقوق کا تحفظ ہے۔ کرایہ کے معاہدے کی شرائط کے مطابق مکان میں کسی قسم کی خرابی ہونے کی صورت میں زرضمانت سے مالک کو رقم ادا کی جائے گی تاہم اگر مکان کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا ہو تو ضمانت کی پوری رقم کرایہ دار کو لوٹا دی جائے گی۔
