Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شعیب ملک سے طلاق کے بعد ثانیہ مرزا کو پینک اٹیکس ہوتے تھے: فرح خان

ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کے درمیان 2024 میں علیحدگی ہو گئی تھی (فائل فوٹو: انسٹاگرام)
انڈین ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کی قریبی دوست اور معروف فلم ڈائریکٹر فرح خان نے انکشاف کیا ہے کہ ثانیہ مرزا کو پاکستانی کرکٹر شعیب ملک سے طلاق کے بعد شدید ذہنی دباؤ اور پینک اٹیکس کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
فرح خان کے مطابق انہوں نے خود اپنی آنکھوں سے دیکھا کہ ثانیہ مرزا کس قدر مشکل دور سے گزر رہی تھیں۔
انڈین میڈیا کے مطابق یہ انکشاف فرح خان نے یوٹیوب شو ’سرونگ اِٹ اپ ود ثانیہ مرزا‘ میں گفتگو کے دوران کیا جہاں دونوں نے ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی کے مختلف پہلوؤں پر کھل کر بات کی۔
گفتگو کے دوران ثانیہ مرزا نے اپنی ذاتی زندگی اور طلاق کے بعد ایک سنگل مادر کے طور پر درپیش مشکلات کے بارے میں کھل کر اظہارِ خیال کیا۔ فرح خان نے ثانیہ مرزا کی جدوجہد پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’تم اب ایک سنگل ماں ہو اور اس سے زیادہ مشکل کچھ نہیں ہوتا۔ یہ بہت کٹھن سفر ہے۔ ہم سب کی اپنی اپنی کہانیاں ہیں اور ہمیں وہی راستہ چننا پڑتا ہے جو ہمارے لیے بہتر ہو۔‘
ثانیہ مرزا نے اعتراف کیا کہ ماں ہونے، کام کرنے اور تعلیم جاری رکھنے کے تقاضے ایک ساتھ نبھانا اکثر ان کے لیے بہت بھاری ہو جاتا ہے۔ ایک جذباتی لمحے کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ’میں کیمرے پر یہ بات نہیں کہنا چاہتی لیکن میری زندگی کے ایک انتہائی مشکل لمحے میں تم میرے شو کے سیٹ پر آئیں۔ مجھے اُس وقت ایک لائیو شو کرنا تھا مگر میری حالت بہت خراب تھی، میں کانپ رہی تھی۔ اگر تم نہ آتیں تو میں وہ شو نہیں کر پاتی۔ تم نے کہا تھا کہ چاہے کچھ بھی ہو، تمہیں یہ شو کرنا ہے۔‘
اس موقع پر فرح خان نے جواب دیا کہ ’میں بہت گھبرا گئی تھی، میں نے تمہیں اس حالت میں پہلے کبھی نہیں دیکھا تھا۔ مجھے اُس دن شوٹنگ کرنی تھی، مگر میں سب چھوڑ کر سیدھا وہاں چلی گئی، پاجامے اور چپل میں۔‘
فرح خان کے مطابق وہ لمحہ ان کے لیے بھی نہایت پریشان کن تھا کیونکہ وہ پہلی بار ثانیہ مرزا کو ایسی کیفیت میں دیکھ رہی تھیں۔
یاد رہے کہ جنوری 2024 میں ثانیہ مرزا اور شعیب ملک نے 14 سال کی رفاقت کے بعد علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔ دونوں کے درمیان طلاق کی خبریں کئی ماہ سے گردش میں تھیں، تاہم اس کی تصدیق ثانیہ مرزا کی بہن انعم مرزا کے ایک بیان کے ذریعے ہوئی۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ ’ثانیہ اور شعیب کئی ماہ سے الگ رہ رہے تھے اور ان کی طلاق کچھ عرصہ پہلے ہی مکمل ہو چکی تھی۔ ہم سب سے گزارش کرتے ہیں کہ اس مشکل وقت میں ثانیہ کی نجی زندگی کا احترام کیا جائے۔‘
طلاق کے بعد شعیب ملک نے پاکستانی اداکارہ ثنا جاوید سے شادی کر لی تھی۔
ثانیہ مرزا نے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ اگرچہ یہ وقت ان کے لیے بے حد مشکل تھا مگر دوستوں، خاص طور پر فرح خان جیسے قریبی ساتھیوں کی سپورٹ نے انہیں دوبارہ سنبھلنے اور اپنی زندگی کو مثبت انداز میں آگے بڑھانے کا حوصلہ دیا۔

شیئر: