Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیلی آبادکاروں کی جانب سے پرتشدد واقعات غزہ امن کوششوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں، مارکو روبیو

امریکی سیکریٹری خارجہ مارکو روبیو نے تشویش کا اظہار کیا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں کی جانب سے پرتشدد واقعات کا تازہ ترین سلسلہ پھیل سکتا ہے اور غزہ میں امن کی کوششوں کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق کینیڈا میں جی سیون ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد صحافیوں نے مارکو روبیو سے سوال کیا کہ کیا مغربی کنارے میں پیش آنے والے واقعات غزہ میں جنگ بندی کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔
مارکو روبیو نے کا کہنا تھ، ’امید ہے کہ ایسا نہ ہو۔ ہمیں توقع بھی نہیں ہے۔ ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے کہ ایسا نہ ہو۔‘
خیال رہے کہ منگل کو متعدد نقاب پوش اسرائیلی آباد کاروں نے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی دیہاتوں پر حملہ کیا تھا جبکہ گاڑیوں اور دیگر املاک کو آگ لگا دی تھی۔
اسرائیلی پولیس کا کہنا تھا کہ ’انتہا پسند تشدد‘ کے سلسلے میں چار اسرائیلیوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ چار فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔
 پولیس اور اسرائیل کی داخلی سکیورٹی ایجنسی شن بیت نے کہا تھا کہ واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
غزہ میں دو سال قبل جنگ شروع ہونے کے بعد سے آباد کاروں کی جانب سے پرتشدد واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
حالیہ ہفتوں میں ان حملوں میں شدت آئی ہے جب فلسطینی سالانہ رسم کے طور پر اپنے زیتون کے درختوں کی کٹائی میں مصروف ہیں۔
گزشتہ ہفتے اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے دفتر نے کہا کہ 2006 کے بعد سے رواں سال اکتوبر کے مہینے میں اسرائیلی آباد کاروں کی جانب سے مغربی کنارے میں حملوں کے سب سے زیادہ واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ 

 

شیئر: