Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر اردن کے شاہ عبداللہ کل پاکستان پہنچیں گے

شاہ عبداللہ دوم دو روزہ دورے پر انڈونیشیا میں موجود ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی دعوت پر اردن کے فرماں روا شاہ عبداللہ دوم 15 اور 16 نومبر کو پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جمعے کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق یہ اعلیٰ سطح کا دورہ پاکستان اور اردن کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی جہت دینے اور سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں جامع اور ہمہ جہت شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہو گا۔
اپنے قیام کے دوران شاہ عبداللہ دوم صدرِ پاکستان اور وزیراعظم سے اہم ملاقاتیں کریں گے، جن میں دونوں برادر ممالک کے باہمی تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
بیان کے مطابق ایوانِ صدر میں ایک خصوصی تقریب بھی منعقد ہوگی، جس میں شاہ عبداللہ دوم کو پاکستان کا اعلٰی ترین سول ایوارڈ عطا کیا جائے گا۔
شاہ عبداللہ دوم کا یہ دورہ پاکستان اور اردن کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا اور دو طرفہ تعاون کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
عرب نیوز کے مطابق شاہ عبداللہ دوم اپنی ایشیائی دورے کے سلسلے میں دو روزہ دورے پر انڈونیشیا میں موجود ہیں۔ اس دورے میں جاپان، ویتنام اور سنگاپور کے قیام بھی شامل تھے، جب کہ دورے کا اختتام پاکستان میں ہو گا۔

 

شیئر: