دیانت دار بادیہ نشین جنہوں نے رقم سے بھرا تھیلا پولیس کے حوالے کردیا
نوٹوں کا تھیلا اونٹ چرانے والے بھائیوں کو صحرائی علاقے سے ملا تھا (فوٹو سبق)
تیماء کمشنری کے دو بادیہ نشین بھائیوں نے صحرا میں ملنے والا نوٹوں سے بھرا تھیلا علاقے کی پولیس کے حوالے کردیا تاکہ اس کے مالک تک پہنچ سکے۔
سبق نیوز کے مطابق تھیلے میں ایک لاکھ ریال کے نوٹ موجود تھے جو اونٹ چرانے والے دو بھائیوں کو صحرائی علاقے سے ملا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ وہ اونٹوں کو چرانے کے بعد واپس لوٹ رہے تھے کہ راستے میں انہیں ایک تھیلا پڑا ہوا دکھائی دیا۔ تھیلے کو کھولنے پر معلوم ہوا کہ اس میں بڑی تعداد میں ریال پڑے ہوئے ہیں ۔
محمد اور صیاح نامی بادیہ نشین بھائیوں کا کہنا تھا کہ ’اتنے زیادہ نوٹ دیکھ کر پریشان ہوگئے ساتھ ہی یہ فکر بھی لگ گئی کہ جس کی یہ رقم ہوگی وہ کس قدر پریشان ہو رہا ہوگا‘۔
انہوں نے فیصلہ کیا کہ رقم کے تھیلے کو فوری طورپر پولیس کے حوالے کردیا جائے تاکہ اصل مالک تک پہنچ سکے۔ فیصلے پرعمل کرتے ہوئے انہوں نے رقم سے بھرا تھیلا پولیس کو دے دیا اور انہیں تمام تفصیلات بھی بتا دیں۔
پولیس نے تھیلے کو وصول کیا اور اس کے اصل مالک کو تلاش کرکے اسے لوٹا دیا۔ دونوں بھائیوں کی دیانت داری کو سوشل میڈیا پرسراہا جارہا ہے جنہوں نے اتنی خطیر رقم اس کے مالک تک پہنچا دی۔
