ترکے کی تقسیم کے لئے خصوصی پلیٹ فارم کا اجرا
’اس کا مقصد ورثا کی فہرست سازی اور متوفی کی جائیداد سے متعلق تمام معلومات کی فراہمی ہے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی عدالتی اداروں نے جدید ڈیجیٹل سروس ’ترکہ پلیٹ فارم‘ کا اجرا کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق اس کا مقصد ورثا کی فہرست سازی، متوفی کی جائیداد سے متعلق تمام معلومات جمع کرنا اور انہیں متعلقہ سرکاری اداروں سے منسلک کرنا ہے۔
یہ اقدام ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کو مضبوط بناتا ہے اور ورثا کے لئے خدمات کی کارکردگی کو بہتر کرتا ہے۔
یہ پلیٹ فارم ورثا کو ایک ہی متحد ونڈو کے ذریعے متوفی کی تمام سرکاری طور پر رجسٹرڈ جائیدادیں دیکھنے کی سہولت فراہم کرتا ہے جن میں جائیدادیں، گاڑیاں، بینک کھاتے، تجارتی دستاویزات اور مالی ذمہ داریاں شامل ہیں۔
اس نظام کے ذریعے وقت اور محنت کی بچت ہوتی ہے اور مختلف اداروں کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہتی۔
پورٹل کی اہمیت اس میں بھی ہے کہ یہ شرعی طور پر ترکہ کی تقسیم کے مراحل کو تیز کرتا ہے، ورثا کے درمیان شفافیت بڑھاتا ہے، حقوق کے تحفظ کو یقینی بناتا ہے اور معلومات کی کمی یا تاخیر سے پیدا ہونے والے تنازعات میں کمی کرتا ہے۔
علاوہ ازیں ورثا اپنے درخواستوں کی حیثیت کو الیکٹرانک طور پر اس وقت تک ٹریک کر سکتے ہیں جب تک تمام کارروائیاں مکمل نہ ہو جائیں۔
یہ اقدام سعودی عرب میں جاری عدالتی ڈیجیٹل خدمات کا حصہ ہے جو معیارِ زندگی بہتر بنانے اور شہریوں کو زیادہ مؤثر خدمات فراہم کرنے کے لئے سرکاری اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو مضبوط کرتا ہے۔