’نوجوان ہی مستقبل ہیں‘، مِسک فورم میں سعودی وزیرِ کھیل کا اظہارِ خیال
’نوجوان ہی مستقبل ہیں‘، مِسک فورم میں سعودی وزیرِ کھیل کا اظہارِ خیال
جمعرات 20 نومبر 2025 8:03
سعودی وزیر کھیل شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل نے ریاض میں مِسک گلوبل فورم کے پہلے دن نوجوانوں میں سرمایہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔
شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل نے عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’نوجوان ہی مستقبل ہیں۔ اور سعودی عرب میں 70 فیصد آبادی 40 سال سے کم عمر کی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس لیے ہمیں ایک مضبوط، باصلاحیت اور متاثر کن نوجوان نسل تیار کرنی ہے تاکہ سعودی عرب کا مستقبل روشن ہو اور آنے والی نسل کے لیے ایک بہترین وراثت چھوڑی جا سکے۔‘
مِسک گلوبل فورم جو نوجوانوں کا سب سے بڑا فورم اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی غیر منافع بخش مِسک فاؤنڈیشن کا سالانہ اہم پروگرام ہے، بدھ کو محمد بن سلمان نان پروفٹ سٹی ’مِسک سٹی‘ میں شروع ہوا۔
رواں برس فورم کا عنوان ’کری ایٹڈ بائی یوتھ‘ ہے، اور ایم جی ایف25 کا موضوع نوجوانوں کو اپنی کہانیاں، حل اور اقدامات خود تخلیق کرنے کے قابل بنانا ہے۔
’نوجوان بہت اہم ہیں، ہم روزانہ ان سے، کھیلوں کی وزارت اور اولمپک کمیٹی کے ساتھ مل کر رابطہ کرتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ یہ فاؤنڈیشنز اور پروگرامز مستقبل کی ترقی کا راستہ بناتے ہیں اور مملکت کے لیے ایک زیادہ روشن مستقبل کی ضمانت دیتے ہیں۔
فورم میں جاری پروگراموں میں سے ایک ’مِسک 20 انڈر 30‘ ہے جو 30 سال سے کم عمر کری ایٹرز کی جانب سے چلائی جانے والی 20 انقلابی منصوبوں کو نمایاں کرتا ہے۔
رواں برس فورم کا عنوان ’کری ایٹڈ بائی یوتھ‘ ہے۔ (فوٹو: عرب نیوز)
مِسک 20 انڈر 30 کے رہنماؤں میں سے ایک زبیر جونجونیا تھے، جو سٹڈی ایڈ پلیٹ فارم زی نوٹس کے بانی ہیں۔
جونجونیا نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’آج مجھے مسک 20 انڈر 30 ایوارڈ سے نوازے جانے کا اعزاز حاصل ہوا۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا ایوارڈ ہے جس میں وہ 30 سال سے کم عمر ان 20 افراد کو تسلیم کر رہے ہیں جو سماجی اثرات کے لیے ترقی کی سمت کام کر رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اور یہ واقعی میرے لیے اعزاز کی بات ہے کیونکہ زی نوٹس کی شروعات 11 سال پہلے یہی سعودی عرب میں ہوئی تھی۔ اور الحمد للہ، آج اس نے چھ ملین سے زیادہ طلبہ تک رسائی حاصل کی ہے تاکہ تعلیم تک یکساں رسائی کو ممکن بنایا جا سکے۔‘
فورم کی دوسری سرگرمیوں میں ایم جی ایف ویبینارز اور مجلس ایکس شامل ہیں۔ یہ سال بھر چلنے والی ڈیجیٹل سیریز ہے جو ماہرین کی بصیرت اور مستقبل کی مہارتیں دنیا بھر کے نوجوانوں تک پہنچاتی ہے۔ اس کے ساتھ ایک عالمی نوجوانوں کی مجلس بھی ہے جو نوجوانوں کو کھل کر بات کرنے اور خیالات شیئر کرنے کا موقع دیتی ہے۔
مِسک گلوبل فورم محمد بن سلمان نان پروفٹ سٹی ’مِسک سٹی‘ میں شروع ہوا۔ (فوٹو: عرب نیوز)
یہ عالمی فورم کا نواں ایڈیشن ہے جس میں اعلٰی سطح کے مہمان شامل ہو رہے ہیں جن میں شزام کے بانی کرس بارٹن اور مانچسٹر یونائیٹڈ کے سابق فٹبالر اور میڈیا شخصیت ریو فرڈیننڈ بھی شامل ہیں۔
آٹھ انیشیٹیو کے ساتھ رواں برس نوجوان صرف فورم میں حصہ نہیں لے رہے، بلکہ وہ اسے بنانے میں بھی شامل ہیں۔
فورم نوجوانوں کی ایک مشاورتی کمیٹی نے منظم کیا ہے جس میں دنیا بھر سے 15 نوجوان تخلیق کار شامل ہیں جنہوں نے اس کا پروگرام، موضوعات اور مقررین کا انتخاب مل کر تیار کیا ہے۔