اسلامک سولیڈیریٹی گیمز: سعودی عرب نے 33 میڈل حاصل کر لیے
سعودی کھلاڑیوں نے اب تک 9 سونے، 4 چاندی اور 20 کانسی کے میڈل حاصل کیے ہیں ( فوٹو: سبق)
ریاض میں منعقد اسلامک سولیڈیریٹی گیمز میں سعودی عرب نے 33 تمغے حاصل کر لیے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق مختلف گیمز میں سعودی کھلاڑیوں نے اب تک 9 سونے، 4 چاندی اور 20 کانسی کے میڈل حاصل کیے ہیں۔
سعودی سپیشل ایتھلیٹکس ٹیم کے کھلاڑی ہانی النخلی نے ڈسکس تھرو مقابلے میں پہلا مقام اور طلائی تمغہ حاصل کرلیا۔

نخلی نے 30.92 میٹر کی تھرو اور 950 پوائنٹس کے ساتھ سونے کا تمغہ جیتا جبکہ اردن کے احمد ہندی نے 893 پوائنٹس کے ساتھ چاندی کا تمغہ اور عراق کے حسین خفاجی نے 881 پوائنٹس کے ساتھ کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
اسی طرح سعودی ایتھلیٹکس ٹیم کے کھلاڑی حسین آل حزام نے پول والٹ مقابلے میں 5.65 میٹر کی کامیاب جست لگا کر پہلا مقام اور طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔

دوسری جانب دوڑ کے مقابلے میں عبدالعزیز العطافی نے 100 میٹر ریس میں 10.32 سیکنڈ کے وقت کے ساتھ دوسرا مقام اور چاندی کا تمغہ حاصل کیا جبکہ عُمان نے سونے اور کیمرون نے کانسی کا تمغہ جیتا۔
سعودی فینسنگ ٹیم کے کھلاڑی خلیفه العميری نے ایپی (Epee) مقابلے میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

وہ سیمی فائنل میں اُزبکستان کے میرخان تِمروف سے 13،15 سے شکست کھا گئے۔
العميری نے اس مرحلے میں پہنچنے سے قبل 32 کے راؤنڈ میں کویتی عبدالرحمن المانع کو 5،15 سے اور ترک کھلاڑی دوروک ایروالکفِک کو 9،15 سے شکست دی جبکہ کوارٹر فائنل میں اُزبکستان کے یرلیک سرتای کو 14،15 سے مات دی۔