Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ گلوبل ہارمنی ٹو‘ : شامی ویک ختم ، یمنی ہفتہ کل سے شروع ہوگا

تقریبات میں شرکت کرنے والوں کی تعداد 10 لاکھ تک پہنچ گئی(فوٹو،ایس پی اے)
وزارت اطلاعات کے زیر اہتمام انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے تعاون سے ریاض کے السویدی پارک میں ’عالمی ہم آہنگی دوم‘ اقدام کے تحت شروع ہونے والی رنگا رنگ تقریبات کے سلسلے میں شرکت کرنے والے زائرین کی تعداد دس لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق مملکت میں مقیم کمیونٹیز ہم آہنگی اقدام کے تحت تقریبات کا آغاز ماہ رواں کے شروع میں انڈین ویک سے کیا گیا۔
بعدازاں بنگلہ دیشی ہفتہ کے تحت رنگا رنگ پروگرام پیش کیے گئے ۔ ’شامی ویک ‘ کی تقریبات تین روز جاری رہنے کے بعد جمعہ کو ختم ہو گئیں۔

ایام الشام کے عنوان سے رنگا رنگ پروگرام پیش کیے گئے(فوٹو، ایس پی اے)

’ایام الشام‘ کے عنوان سے ہونے والی تقریبات میں اردن ، شام ، فلسطین اور لبنان کے فنکاروں نے مشترکہ طور پر شرکت کرتے ہوئے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
شامی ہفتے کے عنوان سے ہونے والی تقریبات کے سلسلے میں موسیقی کی محافل اور ثقافتی پروگرامز سے زائرین کو لطف اندوز کیا گیا جبکہ علاقائی ثقافتی پکوانوں کے اسٹالز بھی لگائے گئے۔
زائرین کی دلچسپی کے لیے تین دنوں تک 30 سے زائد رنگا رنگ پروگرامز پیش کیے گئے جن میں ثقافتی شوز ، بچوں کے لیے تفریحی پروگرام ، فیشن شو اور سرکس کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا۔

تقریبات میں سرکس کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا(فوٹو، ایس پی اے)

پروگرام کے منتظمین کا کہنا ہے کہ کل سنیچر سے ’یمنی ثقافتی ویک‘ کا آغاز کیا جائے گا جس میں یمنی کمیونٹی اپنی علاقائی ثقافت کی عکاسی کرتے ہوئے مختلف شوز پیش کرے گی۔

شیئر: