’فیوچر اویسس‘ کنگ عبدالعزیز ریزور میں 20 ہزار پودے لگائے جائیں گے
مملکت بھر میں 10 ارب درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
کنگ عبدالعزیز ریزورڈویویلپمنٹ اتھارٹی نے فلاحی تنظیم رماح الخضرا کے تعاون سے شجرکاری کے حوالے سے ’فیوچر اویسس‘ منصوبے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق منصوبے کے تحت ریزور میں 20 ہزار پودے اگائے جائیں گے جس کا مقصد سبزے میں اضافہ کرنا اور فطری ذرائع کی پائیداری کے عمل کو مستحکم بنانا ہے۔
منصوبہ مملکت کے گرین انیشیٹو کا حصہ ہے جس کے تحت مملکت کے مختلف علاقوں میں 10 ارب درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے تاکہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹا جاسکے۔
’فیوچر اوسیس‘ کے عنوان سے شروع کیے جانے والے منصوبے کے تحت ریزور کی حدود میں 20 ہزار پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا خاص کر التنھاۃ شاہراہ پر۔
شجر کاری کے لیے تمام ہوم ورک مکمل کرلیا گیا جبکہ ایسے پودوں کا بھی انتخاب کیا گیا ہے جو صحرائی موسم کے لیے مناسب ہوں۔

اتھارٹی کے ترجمان عبدالعزیز بن سعد الفریح نے بتایا’ فیوچر اویسس منصوبے کے تحت فلاحی تنظیموں کے اشتراک سے ماحولیاتی تحفظ کے لیے کام کیا جائے گا جو مملکت کے وژن 2030 کے اہداف میں شامل ہے۔‘
’شجرکاری منصوبے میں ایسے پودوں اور درختوں کا انتخاب کیا گیا ہے جو علاقائی اور مقامی موسم سے مطابقت رکھتے ہوں۔‘
