سعودی عرب میں پہلی بار ورلڈ ریلی چیمپئن شپ کے فائنل راؤنڈ کا انعقاد
ورلڈ ریلی چیمپئن شپ (ڈبلیو آر سی) کا فائنل راؤنڈ ’سعودی ریلی 2025‘ جمیل موٹر سپورٹس کے تعاون سے آج شروع ہو رہا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ مملکت میں ڈبلیو آر سی کے کسی بھی راؤنڈ کی میزبانی کا پہلا موقع ہے۔ جو 29 نومبر تک جاری رہے گا۔

یہ ایونٹ وزارت کھیل کی نگرانی میں منعقد ہو رہا ہے جس کا انعقاد سعودی آٹوموبائل اور موٹرسائیکل فیڈریشن کر رہی ہے جبکہ پروموشن سعودی موٹر سپورٹس کمپنی کے ذریعے کی جا رہی ہے۔
ایونٹ کے حوالے سے وزیر کھیل اور سعودی اولمپک و پیرا اولمپک کمیٹی کے صدر شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی بن فیصل نے کہا کہ ’ہماری قیادت کی طرف سے کھیلوں کے شعبے کو دی جانے والی مسلسل حمایت اس شعبے کی شاندار کامیابیوں اور تیز رفتار ترقی کی بنیادی وجہ ہے۔ ورلڈ ریلی چیمپئن شپ کی میزبانی مملکت کی ان کامیابیوں کی ایک کڑی ہے جس نے سعودی عرب کی عالمی کھیلوں میں مضبوط پوزیشن قائم کی ہے۔‘
’ریلی کے چار دنوں میں 17 مرحلے شامل ہیں، جس میں 25 مختلف ملکوں کے 82 ڈرائیور اور ساتھی ڈرائیور تین کیٹیگریز میں حصہ لے رہے ہیں۔ یہ راستہ کل 1218 کلومیٹر طویل ہے، جس میں 319 ٹائمڈ کلومیٹر شامل ہیں۔

وزیر نے مزید کہا کہ تمام شرکا اس منفرد اور دلچسپ ایونٹ میں اپنی بہترین کارکردگی دکھائیں گے۔
یہ میزبانی عالمی کھیلوں کے نقشے پر مملکت کی پوزیشن کو مضبوط کرتی ہے، جو دانشمند قیادت کے وژن کی عکاسی کرتی ہے اور سعودی وژن 2030 کے اہداف کے مطابق مزید بڑے بین الاقوامی ایونٹس کو راغب کرنے کی کوششوں کی حمایت کرتی ہے۔