مدینہ منورہ میں تعطیلات کے دوران زائرین کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ
مدینہ منورہ کے مرکزی علاقے میں زائرین کی زیادہ تعداد رہی (فوٹو: ایس پی اے)
مدینہ منورہ میں تعطیلات کے دوران اندورن و بیرون مملکت سے زائرین کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ بڑی تعداد نے مختلف مقامات کی زیارتیں بھی کیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق مدینہ منورہ کے مرکزی علاقے میں زائرین کی زیادہ تعداد رہی۔

مسجد قبا، جبل احد اور دیگر مقامات کی زیارت کےلیے بھی زائرین قافلوں اور انفرادی طور پر پہنچے۔
شہر مقدس کے شہری بھی ان دنوں خوشگوار موسم سے لطف اندوز ہونے کےلیے مختلف پارکوں اور تفریحی مقامات پر جارہے ہیں جن میں کنگ فہد مرکزی پارک کے علاوہ شہر کے مختلف علاقوں میں موجود تفریحی مقامات اور واکنگ ٹریکس شامل تھے۔

واضح رہے مدینہ ریجن سیاحت، رہائش اور مہمان نوازی کے شعبوں میں نمایاں اضافہ دیکھ رہا ہے۔
یہ سرکاری تعاون، بہتر سرمایہ کاری ماحول اور وسیع تر انفراسٹرکچر کی ترقی کے باعث ممکن ہوا ہے۔ اس کے نتیجے میں ایسے نئے منصوبے سامنے آ رہے ہیں جو زائرین اور سیاحوں کے تجربے کو مزید بہتر بناتے ہیں۔
