طویل ترین بغیر ڈرائیور نیٹ ورک، ریاض میٹرو گنیز ورلڈ ریکارڈ میں شامل
جمعرات 27 نومبر 2025 15:38
ریاض رائل کمیشن نے کہا ہے کہ ریاض ریلوے منصوبہ باقاعدہ طور پر گنیز ورلڈ ریکارڈ میں درج کر لیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق دنیا کی طویل ترین خودکار ریل نیٹ ورک کے طور پر اسے یہ اعزاز دیا گیا ہے۔
یہ نیٹ ورک 176 کلومیٹر طویل ہے جس میں چھ لائنیں اور 85 سٹیشن شامل ہیں۔
کمیشن نے کہا ہے کہ ’یہ کامیابی سعودی عرب کی جانب سے جدید ترین ٹرانسپورٹ کی ٹیکنالوجیز کے اپنانے میں اس کی برتری کی عکاسی کرتی ہے اور یہ شہر کے باسیوں اور منصوبے کے شراکت داروں پر بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔‘
کمیشن کے مطابق اس نیٹ ورک کی بین الاقوامی توثیق، کمیشن کی اُن کوششوں کا حصہ ہے جن کا مقصد جدید اور پائیدار شہری ٹرانسپورٹ کے تصورات سے ہم آہنگ بنیادی ڈھانچہ تیار کرنا ہے۔

’یہ اقدام ریاض میں معیارِ زندگی بہتر بنانے اور شہر کی ہمہ گیر ترقی کے اہداف کے حصول میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔‘