سُپر ہٹ گانوں کی گلوکارہ علیشا چنائی نے بالی وڈ کیوں چھوڑا؟
علیشا چنائی 90 اور 2000 کی دہائی میں ہندی فلم انڈسٹری کی معروف گلوکارہ تھیں (فوٹو: سکرین گریب)
گلوکارہ علیشا چنائی نے بالی وڈ کو کئی یادگار سُپر ہٹ گانے دیے ہیں اور اسی وجہ سے انہیں ’میڈونا آف انڈیا‘ کہا جاتا ہے۔ ’میڈ اِن انڈیا‘ سے لے کر ’کجرا رے‘ تک، ہر ہٹ گانے کے پیچھے علیشا چنائی کی مسحور کُن آواز ہوتی تھی۔
اس کے باوجود وہ ہندی فلم کی موسیقی کے لیے گانے کا انتخاب کرتے ہوئے کافی ’سلیکٹیو‘ رہی ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق ایک حالیہ انٹرویو میں گلوکارہ علیشا چنائی نے کہا کہ یہ ان کا شعوری فیصلہ تھا۔ ایک طرح کااحتجاج، کیونکہ ان کے بقول انڈسٹری میں گلوکاروں پر غیر قانونی کنٹریکٹس دستخط کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جاتا ہے۔
فری پریس جرنل کے ساتھ انٹرویو میں علیشا چنائی سے پوچھا گیا کہ وہ بالی وڈ سے کس وجہ سے دور ہوئیں؟ تو ان کا جواب کچھ یوں تھا:
’سچ کہوں تو میں بالی وڈ کی موسیقی سے بور ہو گئی تھی۔ میں ایک آرٹسٹ کے طور پر اُکتاہٹ محسوس کر رہی تھی اور کچھ مختلف کرنا چاہتی تھی۔ اس لیے دور رہی، اور کچھ اور بھی وجوہات تھیں، جیسے یہاں کی سیاست۔‘
60 سالہ گلوکارہ نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ آرٹسٹ کے حقوق، ناانصافی، اور کوئی منصفانہ نظام نہیں تھا۔ ہمیں بس کنٹریکٹس پر دستخط کرنے پر مجبور کیا جا رہا تھا، جو میرے خیال میں بالکل غیر قانونی تھے۔‘
انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’اس لیے میں نے دستخط نہیں کیے، اور اسی وجہ سے شاید مجھے کم بلایا گیا، جو میرے لیے ٹھیک تھا۔ مجھے کچھ ذاتی مسائل کی وجہ سے بھی کافی دیر دور رہنا پڑا۔ تو کئی وجوہات تھیں۔‘
علیشا چنائی 90 اور 2000 کی دہائی میں ہندی فلم انڈسٹری کی معروف گلوکارہ تھیں۔ لیکن 2013 کے بعد انہوں نے 2017 کی فلم ’ڈیڈی‘ کے لیے صرف ایک فلمی گانا ’زندگی میری ڈانس ڈانس‘ ریکارڈ کرایا۔ ان کا آخری ہٹ گانا 2013 میں ریلیز ہونے والی فلم ’کِرش 3‘ کا ’دل تُو ہی بتا‘تھا۔
فلمی موسیقی کے علاوہ، علیشا چنائی انڈی پاپ میں بھی بہت کامیاب رہیں۔ ان کے البمز ’بیبی ڈول‘ اور ’بومبے گرل‘نے 80 کی دہائی میں انہیں ایک منفرد آواز بنایا لیکن 1997 میں ’میڈ اِن انڈیا‘ کی کامیابی نے انہیں پورے انڈیا میں مشہور کر دیا تھا۔
